رسائی کے لنکس

پاکستان کے جوہری ہتھیار خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، امریکی رپورٹ


پاکستان کے یوم جمہوریہ پر جوہری میزائلوں کی نمائش، 23 مارچ 2017
پاکستان کے یوم جمہوریہ پر جوہری میزائلوں کی نمائش، 23 مارچ 2017

پاکستان نے ایک نئی امریکی رپورٹ کو انتہائی بدقسمتی قرار دیتے ہوئے اس پر نکتہ چینی کی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے اس ملک کے ہتھیار خطے میں امریکی مفادات کے لیے مسلسل خطرہ ہیں۔

خطرات سے متعلق سالانہ تجزیے پر مبنی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلسل نئے انداز کے جوہری ہتھیار تیار کر رہا ہے جن میں کم فاصلے تک مار کرنے والی حربی ہتھیار، سمندر سے مار کرنے والے کروز میزائل اور زیادہ فاصلے تک اپنے اہداف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے انداز کے جوہری ہتھیار وں سے خطے کی سیکیورٹی اور حربی نقل وحرکت کے لیے نئے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔

یہ رپورٹ جائزے کے لیے کانگریس کی ایک کمیٹی کو بھیج دی گئی ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے جمعرات کے روز تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ میں صرف پاکستان کو منفی طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جوہری تیاری خالصتاً دفاعی نوعیت کی ہے اور اسے مشرق میں واقع حریف ہمسایہ ملک کے جارحانہ فوجی تیاریوں کے پیش نظر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں بے جا طرف داری کی گئی ہے۔

واشنگٹن پاکستان کے تھوڑے فاصلے تک مار کرنے والے مخصوص نوعیت کے جوہری ہتھیاروں کے متعلق فکر مند ہے ۔ امریکی عہدے داروں کا خیال ہے کہ پاکستانی فوج کے اسلحے کے ذخیروں میں ان جوہری ہتھیاروں کے اضافے سے خطے میں جوہری تصادم کے خطرے میں اضافہ ہو گیا ہے۔

پاکستانی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ مخصوص نوعیت کے چھوٹے جوہری ہتھیار اور کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بڑے ہمسایہ ملک بھارت کی جانب سے اس کے ڈیزائن کردہ ڈاکٹرائن ’ کولڈ سٹارٹ‘ کے تحت روایتی ہتھیاروں سے اچانک حملے کے توڑ کے لیے ضروری ہیں۔

پاکستان اور بھارت تین جنگیں لڑ چکے ہیں اور اب بھی لائن آف کنٹرول پر فوجی جھڑپیں آئے روز کا معمول ہے۔

امریکی انٹیلی جینس کی سالانہ تجزیاتی رپورٹ میں دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی صورت حال میں بھارت میں دہشت گردی کے کسی بڑا واقعے یا کنڑول لائن پر تشدد میں اضافے کے نتیجے سے خبردار کیا گیا ہے۔

پاکستان کے امریکہ کے ساتھ نازک تعلقات، ان الزامات کے بعد مزید کشیدہ ہو گئے ہیں کہ پاکستان ان طالبان اور عسکری گروپوں سے رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے جو افغانستان میں امریکی فورسز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG