رسائی کے لنکس

’ مسلمانوں سے امریکہ کے تعلقات بہت مضبوط اور خوشگوار ہیں‘


 ہیلینا وائٹ, ترجمان برائے جنوبی ایشیا، اردو ہندی میڈیا۔ امریکی وزارت خارجہ۔
ہیلینا وائٹ, ترجمان برائے جنوبی ایشیا، اردو ہندی میڈیا۔ امریکی وزارت خارجہ۔

سہیل انجم

امریکی وزارت خارجہ میں ترجمان برائے جنوبی ایشیا اردو ہندی میڈیا ہیلینا وائٹ نے کہا ہے کہ امریکہ اور مسلم دنیا کے مابین بہت گہرے اور خوشگوار تعلقات ہیں اور ہم باہمی رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ مذاكرات سے مسائل کو حل کرنے میں یقین رکھتا ہے اور اگر مسلمانوں کے درمیان امریکہ کے تعلق سے کسی قسم کی کوئی غلط فہمی ہے تو اسے بات چیت سے دور کیا جا سکتا ہے۔

ہیلینا وائٹ نے جو کہ دہلی کے دورے پر آئی ہوئی تھیں، وائس آف امریکہ اردو سے خصوصي گفتگو میں کہا کہ مسلمان امریکی ثقافت کا ناگزیر حصہ ہیں اور امریکہ کی تعمیر وترقی میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اس بارے میں اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بہت سی دوست مسلمان ہیں جن میں حیدرآباد میں پیدا ہونے والی ایک مسلم خاتون بھی ہیں جو امریکی وزارت خارجہ میں ان کے ساتھ سفارت کار ہیں۔

ہیلینا وائٹ نے یہ بھی کہا کہ جنوبی ایشیا سے بھی امریکہ کے مضبوط رشتے ہیں اور اس بارے میں اردو ہندی میڈیا کا کردار بہت اہم ہے۔ ان کے بقول ٹرمپ انتظامیہ کے نزدیک اردو میڈیا کی بہت اہمیت ہے۔ امریکہ سے اردو بولنے والوں کا فطری تعلق ہے۔ امریکہ اردو میڈیا سے بات کرنا اور اسے سننا چاہتا ہے۔ اسی لیے انہوں نے جنوبی ایشیا کا دورہ کیا ہے۔

انہوں نے بھارت اور پاکستان کے اردو میڈیا کی ستائش کی اور کہا کہ بحیثیت ترجمان انہوں نے یہ محسوس کیا ہے کہ مسلمانوں کو امریکہ کے قریب لانے میں اردو زبان نے قابل ذکر خدمات انجام دی ہیں۔

ہیلینا وائٹ لندن میں امریکی سفارت خانے میں واقع لندن میڈیا مرکز میں عہدے دار ہیں۔ اس سے قبل وہ افغانستان اور پاکستان کے لیے خصوصي نمائندہ بھی رہ چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG