رسائی کے لنکس

امریکہ نے شمالی کوریا کی دو آئی ٹی کمپنیوں پر پابندی لگا دی


امریکی وزیر مالیات سٹیو منوچن واشنگٹن میں نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ مئی 2018
امریکی وزیر مالیات سٹیو منوچن واشنگٹن میں نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ مئی 2018

امریکہ نے چین اور روس میں شمالی کوریا کے تحت کام کرنے والی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دو کمپنیوں پر پابندی لگا دی ہے۔

ان پر الزام ہے کہ وہ غیرقانونی فنڈز شمالی کوریا منتقل کر رہے تھے۔

امریکی وزیر مالیات سٹیو منوچن نے ایک سرکاری بیان میں کہا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ان کارکنوں کی جانب سے بیرونی ملکوں سے غیر قانونی محصولات کو شمالی کوریا جانے سے روکنا ہے۔

بیان کے مطابق انہوں نے اپنی حقیقی شناخت بدل کر خود کو چھپایا ہوا تھا۔

امریکی محکمہ خزانہ نے چین میں قائم چائنا سلور سٹار، جس کی سی ای او جونگ سونگ ہوا کا تعلق شمالی کوریا سے ہے اور روس میں قائم اس کی شاخ وولاسیس سٹار پر پابندیاں لگائی ہیں۔

منوچن کا کہنا ہے کہ امریکہ، مصدقہ اور مکمل طور پر جوہری ہتھیاروں سے پاک شمالی کوریا کے اپنے مقصد کے حصول تک پابندیاں لگانے اور ان پر پوری قوت سے عمل کرانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان نے اس سال جون میں سنگاپور میں ایک تاریخی ملاقات کے موقع پر شمالی کوریا کی جوہری تنصیبات ختم کرنے سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ لیکن دونوں فریقوں کے درمیان شمالی کوریا کے جوہری اور میزائلوں کی تیاری کے پروگرام کو ختم کرنے کی رفتار پر تعطل موجود ہے۔

XS
SM
MD
LG