رسائی کے لنکس

نیو ہیمپشر میں ڈیموکریٹک پرائمری کے لیے اسٹیج تیار


نیو ہیمپشر میں منگل کو ہونے والے ڈیموکریٹک صدارتی مباحثے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
نیو ہیمپشر میں منگل کو ہونے والے ڈیموکریٹک صدارتی مباحثے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

نیو ہیمپشر میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے اہم پرائمری انتخابات سے دو روز قبل اتوار کے روز ڈیموکریٹک صدارتی امیدواروں نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش میں تنقید کا سہارا لیا تاکہ وہ نومبر کے قومی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے صدر ٹرمپ کے مقابلے میں اپنی پارٹی کی نامزدگی حاصل کر سکیں۔

جمعے کے روز نیو ہیمپشر میں، ڈیموکریٹک امیدواروں کے درمیان مباحثہ ہوا۔ اتوار کی صبح، امیدواروں نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ وہ ٹرمپ کو شکست دینے کے لیے سب سے زیادہ موزوں کیوں ہیں۔

سابق نائب صدر اور موجودہ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے 'اے بی سی' کے پروگرام دس ویک میں کہا کہ دنیا ابہام کا شکار ہے۔ ہم اپنے اتحادی کھو رہے ہیں۔ ہمیں خلیج فارس میں کوئی مدد حاصل نہیں ہے۔ نیٹو کے ہمارے اتحادیوں نے ہمارے اور ایران کے درمیان ایک اخلاقی قدر کھڑی کر دی ہے۔ ہم ایک ایسی صورت حال میں ہیں جہاں دنیا حیران ہے۔ ہمارے تمام اتحادی حیران ہو رہے ہیں کہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کہاں ہے۔

ریاست انڈیانا کے شہر ساؤتھ بینڈ کے سابق میئر پیٹ بٹیجج نے اپنی صدارتی مہم کے لیے ارب پتیوں اور کارپوریشنوں سے چندے لینے کے اقدام کا دفاع کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں جیتنے کے مقصد سے انتظامی اتحاد کو اکٹھا کر رہا ہوں۔ ایسے حالات میں کہ جب ہمارا ملک انتہائی سنگین اختلاف رائے کا شکار اور منقسم ہے۔ ہمیں مسائل کے حل کے لیے کچھ مدد درکار ہو گی لیکن وہ ہماری اقدار کی قیمت پر نہیں بلکہ ہماری اقدار کے نام پر ہو گی۔

سینیٹر الزبتھ وارن نے کہا کہ بڑے مالی مفادات، آمدنی میں عدم مساوات کم کرنے کے پارٹی کے مؤقف سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔

'اے بی سی' کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ارب پتیوں کے اتحاد کا یہ طریقہ ہمیں جیت کی طرف نہیں لے کر جائے گا۔ میں دیکھ رہی ہوں کہ اس وقت ایک ایسی حکومت ہے جو انتہائی دولت مندوں کے لیے بہت اچھے کام کرتی ہے اور یہ سلسلہ عشروں سے جاری ہے۔ یہ بد سے بدتر شکل اختیار کر چکا ہے۔

صدر ٹرمپ نے مواخذے سے اپنی بریت کے چند ہی روز بعد اتوار کے روز ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ڈیموکریٹس جنونی ہیں اور یہ کہ ان کے لیے دیانت داری اور سچائی کوئی معنی نہیں رکھتی۔ انہوں نے پارٹی کو بری طرح زخمی قرار دیا۔

بائیڈن، پیٹ بٹیجج اور وارن منگل کے روز ان چار دوسرے امیدواروں میں شامل ہوں گے، جنہیں اپنی صدارتی مہم کو جاری رکھنے کے لیے نیو ہیمپشر میں کافی حمایت حاصل ہونے کی توقع ہے۔

XS
SM
MD
LG