رسائی کے لنکس

امیتابھ بچّن نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی


امیتابھ بچن نے اس موقعے پر اپنے ان پاکستانی خیر خواہوں کو بھی دل سے یاد کیا جنھوں نے ان کے لئے تب بہت دعائیں کی تھیں جب وہ فلم قلی کی ریکارڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی سپر اسٹار امیتابھ بچن نے پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی جانب سے پاکستان آنے کی دعوت قبول کر لی ہے۔

پچھلے دنوں جب بھارتی اداکار رضا مراد اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاکستان آئے تو چودھری شجاعت حسین نے ان کی میزبانی کے فرائض سر انجام دئیے اور ان کے ذریعے امیتابھ بچن کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔ جس کا جواب امیتابھ بچن نے بھی ایک خط کی صورت میں دیا ہے۔

امیتابھ بچن کے اس خط کا جو عکس میڈیا میں دکھایا گیا ہے اس میں امیتابھ بچن نے چودھری شجاعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت نے اپنے خط میں بالکل ٹھیک لکھا تھا کہ امیتابھ بچن کی والدہ فیصل آباد میں پیدا ہوئی تھیں اور انھوں نے تعلیم لاہور سے حاصل کی تھی اور ان کے بزرگوں کا تعلق کراچی سے بھی رہا ہے۔

امیتابھ بچن نے اس موقعے پر اپنے ان پاکستانی خیر خواہوں کو بھی دل سے یاد کیا جنھوں نے ان کے لئے تب بہت دعائیں کی تھیں جب وہ فلم قلی کی ریکارڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

امیتابھ بچن نے یقین دلایا کہ وہ مناسب موقع پر پاکستان تشریف لائیں گے۔
XS
SM
MD
LG