رسائی کے لنکس

ہاشم آملہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار


فائل
فائل

بتیس سالہ اسٹار بلے باز نے کپتانی سے دستبرداری کا اعلان بدھ کو انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے اختتام کے بعد کیا۔

جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کےکپتان ہاشم آملہ نے فوری طور پر کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

بتیس سالہ اسٹار بلے باز نے کپتانی سے دستبرداری کا اعلان بدھ کو انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے اختتام کے بعد کیا جس میں ان کی ڈبل سینچری کی بدولت جنوبی افریقہ شکست سے بال بال بچا تھا۔

ہاشم آملہ کی بدولت انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان نیولینڈز میں ہونے والا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔ لیکن گزشتہ ہفتے ڈربن میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 241 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

'کرکٹ ساؤتھ' افریقہ نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے باقی دو میچوں میں جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز ہوں گے۔

بدھ کو میچ کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہاشم آملہ نے کہا کہ ان کے لیے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن انہوں نے طویل غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لیے بطور ایک یکسوبلے باز اور سینئر کھلاڑی زیادہ مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

ہاشم آملہ نے بتایا کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کےآغاز سے دو ہفتے قبل کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کرچکے تھے اور وہ سمجھتے ہیں کہ کوئی اور یہ ذمہ داری زیادہ بہتر طریقے سے انجام دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کو اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتے ہیں اور انہیں اس دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

ہاشم آملہ نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 2004ء میں بھارت کے خلاف کیا تھا اور وہ اب تک جنو بی افریقہ کی طرف سے 90 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 7000 سے زیادہ رنز اسکور کیے ہیں۔

ہاشم آملہ کی کپتانی میں جنوبی افریقہ نے کل 14 ٹیسٹ کھیلے جن میں چار میں اسے فتح اور چار میں شکست ہوئی۔ چھ ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔

جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'کرکٹ ساؤتھ افریقہ' ہاشم آملہ کے فیصلے کا احترام کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہاشم آملہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں جن کی موجودگی جنوبی افریقہ کی ٹیم کی خوش قسمتی ہے۔ بیان کے مطابق کپتانی چھوڑنے کے باوجود ہاشم آملہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا ایک اہم حصہ رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG