رسائی کے لنکس

نیا آئٹم سانگ ، نیا تنازع : ’ انارکلی ڈسکو چلی‘تاریخ مسخ کررہا ہے


اگلے ماہ کے پہلے جمعہ کوفلمساز ساجد خان کی ریلیز ہونے والی فلم ”ہاوٴس فل ٹو“ کا آئٹم سانگ ”انار کلی ڈسکو چلی“ قانونی تنازع میں گھر گیا ہے۔ بھارت کی ایک غیر سرکاری تنظیم نے گانے پر اعتراض کردیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس گانے سے نہ صرف ملکی تاریخ مسخ ہورہی ہے بلکہ بچوں کے ذہنوں پر بھی اس کے منفی اثرات پڑیں گے ۔

ایک مقامی اخبار نے ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والی ”بھارتیہ بھرسٹاچارنروان سنستھا “نامی تنظیم کے سربراہ کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چونکہ ریاستی اسکولوں کے نصاب میں مغل شہنشاہ اکبر اور شہزادہ سلیم سے متعلق تاریخ شامل ہے، لہذا اس گانے سے بچوں کے ذہنوں پر منفی اثرات پڑیں گے۔انہیں گانا سن کر یہ تجسس ضرور ہوگا کہ ”سلیم گلی میں کیاکررہا تھا “یا ”انار کلی “ڈسکو کیوں گئی تھی؟“

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ سلیم اور انار کلی تاریخی کردار ہیں ، کردار بھی اس قدر مشہور کے ان کے بارے میں عام سے عام آدمی بھی بخوبی جانتا ہے۔ بچوں کو بھی یہ تاریخ زبانی یاد ہے، اس گانے کے بعد ان کی تاریخی معلومات پرمنفی اثرات مرتب ہوں گے۔

تنظیم نے منفی معلومات پھیلانے کا ذمے دار فلم کے پروڈیوسر ساجدخان کو ٹھہرا یا ہے جس کے لئے تنظیم نے انہیں قانونی نوٹس بھی ارسال کردیا ہے۔ فلم 6اپریل کوریلیز ہونے جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG