رسائی کے لنکس

قدیم یونانی تھیٹر کے دروازے کھل گئے


قدیم یونانی تھیٹر جو دنیا بھر میں ایپی ڈورس کے نام سے شہرت رکھتا ہے، ہفتے کے روز سے محدود حاضرین کے ساتھ کھل گیا ہے۔ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر منتظمین تمام احتیاطی تدابیر مدنظر رکھ رہے ہیں۔

آرٹسٹوں نے اپنی پرفارمنس ہال کی بجائے کھلی جگہ پر پیش کی جسے براہ راست آن لائن بھی دکھایا گیا، جو اس 2300 سال قدیم تھیٹر کا پہلا واقعہ ہے۔

کرونا وائرس کی وجہ سے اس سال موسم گرما کے دوران یونان میں زیادہ تر لائیو کنسرٹ اور تقریبات منسوخ کر دی گئی تھیں. لیکن, وزارت ثقافت نے ملک کے جنوبی حصے میں واقع ایپی ڈورس تھیٹر اور ایتھنز میں ہرویس اٹیکس کو حفاظتی گائیڈ لائنز کے تحت پرفارمنس پیش کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

ان تقریبات کا انعقاد کرنے والے گروپ کی ترجمان ماریہ پاناگیو ٹوپولو نے بتایا ہے کہ صرف 45 فی صد نشستوں کے ٹکٹ دیے گئے اور یہ فروخت صرف آن لائن کی گئی ہے۔

ماریہ نے بتایا کہ موسم سرما میں عموماً 80 آرٹسٹ پرفارم کرتے ہیں، جب کہ اس سال صرف 17 پرفارمر ہیں۔ ہم اپنے منصوبے تبدیل کرتے رہیں گے۔ ہم نے ستمبر میں تھیٹر شروع کرنے کا پروگرام بنایا تھا، لیکن پھر بعد میں خدشات کے باعث اسے منسوخ کر دیا گیا۔ پھر ہم نے یہ سوچا ہمیں گرمیوں کے وسط میں ہی کچھ کرنا چاہیے، کیونکہ 65 سال کی تاریخ میں یہ پہلا ایسا موقع بن رہا تھا جس میں موسم گرما میں تھیٹر کی پرفارمنس نہ ہوتی۔

عالمی وبا کی وجہ سے بیرونی آرٹسٹس نہیں آ پائے اور جو آرٹسٹ آئے، انہیں کہا گیا کہ وہ اپنی پرفارمنس دوہرانے سے احتراز کریں۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سرجیکل ماسک پہنیں اور فاصلہ برقرار رکھیں۔

ایپی ڈریس تھیٹر میں دس ہزار سیٹوں کا انتظام ہے مگر صرف 4500 کی ٹکٹیں فروخت کی گئیں۔ اسی طرح میوزک بجانے والوں کی تعداد بھی کم کر دی گئی ہے۔

تھیٹر صنوبر کے درختوں سے گھرے پہاڑی علاقے میں واقع ہے جس کی وجہ سے حاضرین کو پرندوں اور جھینگروں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔ اس کے علاوہ ان کے کانوں میں ان لوگوں کے احتجاجی نعرے بھی گونجتے رہے جو دیر سے پہنچے تھے اور منتظمین نے انہیں تھیٹر سے باہر روک لیا تھا۔

پرفارمنس دیکھنے کے لیے آنے والی ایک خاتون کوٹرا نے، جس نے سرجیکل ماسک پہنا ہوا تھا، بتایا کہ یہاں آ کر بڑا سکون ملتا ہے۔ یہ ایک مقدس جگہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹ اور ثقافت ساکت نہیں رہ سکتی۔ ہمیں اسے چلتا رکھنا چاہیے۔

XS
SM
MD
LG