رسائی کے لنکس

امریکی این جی او نے سندھ کے دیہی علاقوں میں ’اِی لرننگ‘ متعارف کرا دی


Har Dam Rawan Hai Zindagi
Har Dam Rawan Hai Zindagi

سندھ کے دیہی علاقوں میں تقسیم کئے گئے ان اینڈرائیڈ میں شامل سندھی زبان کا ایپ جامشورو میں قائم، ’انڈس سلی کان سافٹ وئر کمپنی‘ نے تیار کیا ہے

امریکی این جی او، ’کنسنٹرک ڈولپمنٹ‘ نے سندھ کے دیہی علاقوں کے پرائمری اسکولوں میں ’اِی لرننگ‘ متعارف کرانے کے لئے، ’سندھی ایپس‘ کے ساتھ کام کرنے والے اینڈرائید ٹیبلٹس پرائمیری ایجوکیشن پروجیکٹ کے اسکولوں کو فراہم کر دئے ہیں۔

نارتھ کیرولینا میں قائم امریکی این جی او، کنسنٹرکٹ ڈولپمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر جوناتھن مچل نے ’وائس آف امریکہ‘ اردو سروس کے پروگرام ’ ہر دم رواں ہے زندگی‘ میں میزبان یاسمین جمیل سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے اپنی زندگی کے 45 سال پاکستان میں گزارے ہیں۔ اس لئے، وہ اس ملک میں بچوں کو جدید تعلیم کے ذرائع سے روشناس کرانا چاہتے ہیں، تاکہ وہ بھی دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں۔

ڈاکٹر جوناتھن مچل ماہر تعلیم ہیں اور انھوں نے این جی اوز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے مشاورت کا ایک نظام ترتیب دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر پرائمیری ایجوکیشن پروجیکٹ کے 12 اسکولوں کا انتخاب کیا گیا ہے، جنھیں85 اینڈرائیڈ ٹیبلٹس فراہم کئے گئے ہیں۔

پرائمری ایجوکیشن پروجیکٹ کی ڈائریکٹر برطانوی ماہر تعلیم ڈاکٹر جین جیراڈ نے، جو گزشتہ 20 برسوں سے پاکستان کے تعلیمی شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہیں، بتایا کہ ان کی ایک عرصے سے خواہش تھی کہ وہ اپنے اسکولوں میں غریب بچوں کو جدید لرننگ کی سہولتیں فراہم کریں۔ ان کا یہ خواب پورا کرنے میں مدد جوناتھن مچل کے ادارے نے کی۔

ان اینڈرائیڈ کی بیٹری کی چارجنگ کے لئے چارجرز کا عطیہ دیا ہے لاس اینجلس میں آباد ایک پاکستانی تاجر، پرویز لودھی نے۔

سندھ کے دیہی علاقوں میں تقسیم کئے گئے ان اینڈرائیڈ میں شامل سندھی زبان کا ایپ جامشورو میں قائم ’انڈس سلی کان سافٹ وئر کمپنی‘ نے تیار کیا ہے۔

اس سافٹ وئر کمپنی کے بانی اور سی ای او، علی حسن ملاح نے پروگرام ہر دم رواں ہے زندگی میں بتایا کہ جنوبی ایشیا میں اینڈرائیڈ ٹیبلٹس پر تدریس کے لئے تیار کردہ ان کے اولین اپیس کے ذریعے بچے سندھی زبان میں پڑھنا سیکھتے ہیں۔

جین جیراڈ نے اس موقع پر بتایا کہ آئندہ برس مذید 20 پرائمری اسکولوں میں اینڈرائیڈ ٹیبلٹس فراہم کردیئے جائیں گے، جن میں سندھی ایپ بھی شامل ہوگا۔ اور آہستہ آہستہ پورے نیٹ ورک میں موجود تمام 77 پرائمیری اسکولوں کے طلبا کو اینڈرائیڈ ٹیبلٹس فراہم کردئے جائیں گے۔

سندھ کے پسماندہ علاقوں میں بچے اینڈرائیڈ ٹیبلٹس حاصل کرکے بہت خوش ہیں اور بہت تیزی سے ان کا استعمال سیکھ رہے ہیں۔ تاہم، ڈاکٹر جوناتھن مچل کا کہنا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان اسکولوں کی تعلیم کا مجموعی معیار بھی بہتر بنایا جائے اور اساتذہ کو ان ٹیبلٹس کے استعمال کی مناسب تربیت فراہم کی جائے، تاکہ اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جاسکے۔

یہ پہلا موقع تھا کہ وائس آف امریکہ کے اس پروگرام میں ایک برطانوی اور ایک امریکی ماہرین تعلیم نے روانی سے اردو زبان میں بات چیت کی، جسے سننے والوں نے بہت سراہا اور اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔

XS
SM
MD
LG