رسائی کے لنکس

ترقی یافتہ ملکوں کو عالمی معیشت کی بحالی کی توقع


انقرہ
انقرہ

ترکی کے دارالحکومت، انقرہ میں منعقدہ دو روزہ سربراہ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اختتامی اعلامیے میں، دنیا کے 20 ملکوں کے چوٹی کے مالیات سے متعلق اہل کاروں نے ہفتے کے روز اِس بات کا وعدہ کیا کہ معاشی بحالی کو تیز کرنے کے لیے ’فیصلہ کُن اقدام‘ کیا جائے گا

گروپ آف 20 کے سرکردہ معیشتوں سے تعلق رکھنے والے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان کا کہنا ہے کہ عالمی شرح افزائش توقع سے کم رہی ہے۔ تاہم، اُنھوں نے اِس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ’عالمی اقتصادیات کی بحالی میں تیزی آئے گی‘۔

ترکی کے دارالحکومت، انقرہ میں منعقدہ دو روزہ سربراہ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اختتامی اعلامیے میں، دنیا کے 20 ملکوں کے چوٹی کے مالیات سے متعلق اہل کاروں نے ہفتے کے روز اِس بات کا وعدہ کیا کہ معاشی بحالی کو تیز کرنے کے لیے ’فیصلہ کُن اقدام‘ کیا جائے گا۔

اُنھوں نے اِس بات کا بھی عہد کیا کہ مسابقتی عمل کی بنا پر سکے کی قدر میں کمی سے احتراز کیا جائے گا، جو دراصل چین کی طرف سے کرنسی کی قدر میں کیے جانے والے حالیہ اقدامات کی جانب ایک اشارہ تھا؛ اور ترقی پذیر ملکوں کے لیے ایک انتباہ کہ اپنے سکے کو تحفظ دینے کی خاطر وہ اِسی قسم کے اقدام سے گریز کریں۔

کئی ہفتوں سے عالمی مالی منڈیوں میں سخت مندے کی صورت حال ہے، جس کا سبب چین کی معیشت میں سست روی پر تشویش اور گذشتہ ماہ چین کی طرف سے یوئان کے سکے کی قدر میں یکایک کئی بار کی کٹوتیوں کا اقدام ہے۔


چونکہ سکے کی قدر میں کمی سے کسی بھی ملک کی برآمدات کی قیمتیں مؤثر طور پر گرجاتی ہیں، اس لیے خدشہ اس بات کا ہے کہ چین کی جانب سے کرنسی کی قدر میں کمی کے بعد اب دوسرے ملک بھی ایسا ہی اقدام کرنے پر مجبور ہوں گے۔

چین کے اقدام کے نتیجے میں پہلے ہی متعدد چھوٹے ملکوں کے سکے کی قدر میں کمی کے آثار ہیں۔ جی 20 نے یہ عہد کیا ہے کہ وہ ہر قسم کی مصنوعی مراعات دینے سے گریز کریں گے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ انقرہ میں نمائندگی کرنے والا امریکی وفد، جس کی قیادت وزیر خزانہ جیکب لیو کر رہے ہیں، سربراہ اجلاس کے دوران، تقریب کے احاطے سے باہر، اپنے چینی ہم منصبوں سے ملاقات کی۔

امریکی وفد کا کہنا ہے کہ چین کے لیے ناگزیر ہے کہ وہ اس بات کی وضاحت کرے کہ مالیاتی منڈیوں پر مرتب ہونے والے اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے، چین یوئان کو مصنوعی طور پر ’نیچے، اوپر‘ آنے کے عمل کو نہیں روکے گا۔

XS
SM
MD
LG