رسائی کے لنکس

کراچی میں حالات کی بہتری تک پولیو مہم موخر


انسداد پولیو مہم
انسداد پولیو مہم

کراچی میں ہڑتال، احتجاجی دھرنوں کے باعث انسداد پولیو مہم غیر معینہ مدت تک کے لیے موخر کردی گئی ہے۔

سانحہ کوئٹہ میں ہلاکتوں کیخلاف شہر کراچی میں جاری شیعہ زائرین کےدھرنوں اور احتجاج کے باعث جہاں دیگر معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں وہیں کراچی میں انسداد پولیو مہم بھی تاحال شروع نہیں ہو سکی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں 3 روزہ پولیو مہم 18 فروی سے شروع ہونی تھی تاہم سلامتی کے خدشات کے باعث پولیو مہم کو غیر معینہ مدت تک کے لئے موخر کر دیا گیا ہے۔

کراچی میں موخر کی گئی پولیو مہم کے حوالے سے پولیو مہم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر مظہر خمیسانی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ "کراچی میں حالات اور ہڑتال کے باعث پولیو مہم کو موخر کر دیا گیا ہے، کراچی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کسی بھی تاریخ کا باقاعدہ اعلان ممکن نہیں ہے جب حالات بہتر ہو جائیں گے تب ہی پولیو مہم چلائی جائی گی۔"

مظہر خمیسانی نے مزید بتایا کہ " حکومت سندھ کی جانب سے پولیو ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کرنے کا پلان بھی ترتیب دیا جا چکا ہے مگر کراچی میں ہڑتال، احتجاجی دھرنوں اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیو مہم موخر کرنی پڑی ہے"۔




کراچی میں انسداد پولیو مہم پلان:

سندھ میں پولیو مہم کے ڈائریکٹر مظہر خمیسانی کے مطابق کراچی میں آئندہ پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 14 ٹاونز کی 123 یونین کونسلوں میں 13 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ سیکیورٹی پلان کے مطابق مہم کے دوران رینجرز کی نفری پولیو ٹیم کا حصہ رہے گی۔ پولیو مہم میں 3 ہزار 93 ٹیموں میں ساڑھے 6ہزار سے زائد رضاکار اور لیڈی ہیلتھ وررکرز حصہ لیں گی۔

سال کا پہلا پولیو کیس کراچی میں

پاکستان میں یکم فروری کو رواں سال کا پہلا پولیو کیس کراچی کے علاقے بن قاسم ٹاون میں سامنے آنے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جسکے باعث مزید پولیو کیسز سامنے آنے کا خدشہ ہے۔
XS
SM
MD
LG