رسائی کے لنکس

سمندری طوفان: پاکستان کے ساحلی علاقے محفوظ رہنے کا امکان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں سمندری طوفانوں کی اطلاع دینے والے ادارے کے ڈائریکٹر عبدالقیوم بھٹو نے سرکاری ٹیلی وژن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے محکمے کا اندازہ تھا کہ طوفان شمال اور شمال مغرب کی جانب حرکت کرے گا۔

بحیرہ عرب میں بننے والا ’آشوبا‘ نامی سمندری طوفان خلیج فارس کی جانب بڑھ رہا ہے۔ کراچی سے 550 کلومیٹر جنوب میں موجود اس طوفان کی رخ شمال مشرق کی جانب ہونے کی وجہ سے سندھ کے ساحلی علاقے اس کی زد میں آنے سے محفوظ ہیں۔ تاہم یہ طوفان کراچی سمیت پاکستان کے ساحلی علاقوں کے موسم پر اثر انداز ہو گا۔

کراچی میں سمندری طوفانوں کی اطلاع دینے والے ادارے کے ڈائریکٹر عبدالقیوم بھٹو نے سرکاری ٹیلی وژن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے محکمے کا اندازہ تھا کہ طوفان شمال اور شمال مغرب کی جانب رخ کرے گا۔ ’’اب تک طوفان نے شمال مغرب کی جانب زیادہ حرکت کی ہے اور اس وقت کراچی سے 550 کلومیٹر دور پوری شدت کے ساتھ موجود ہے۔‘‘

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ طوفان کی وجہ سے جمعہ تک سمندر میں طغیانی کی کیفیت رہے گی اور ماہی گیروں کو انتباہ کیا ہے کہ وہ کھلے سمندر میں نہ جائیں۔

اگرچہ’ آشوبا‘ طوفان ابھی ساحل سے کافی دور ہے مگر اس نے کراچی کے موسم پر اثر انداز ہونا شروع کر دیا ہے۔ کراچی میں مطلع منگل کو بھی ابر آلود ہے اور شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

عبدالقیوم بھٹو نے کہا ہے کہ سندھ اور مکران کے ساحل پر سمندر میں طوفانی کیفیت درمیانی سے شدید ہو گی جبکہ آندھی کی کیفیت بھی رہے گی۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کے ماہی گیروں کو جمعرات تک کھلے سمندر میں جانے سے منع کیا ہے جبکہ بلوچستان کے مچھیروں کو منگل سے جمعے تک روکا گیا ہے۔

طوفان کے باعث کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، تھرپارکر، بدین اور سجاول اضلاع میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اگلے 36 گھنٹوں میں بارش اور آندھی کا امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG