رسائی کے لنکس

اریانا گرانڈے مانچسٹر میں امدادی میوزک کنسرٹ کریں گی


اریانا گرانڈے ، فائل فوٹو
اریانا گرانڈے ، فائل فوٹو

اریانا نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بم دھماکے پر اپنے ردعمل میں ہمیں لازماً ایک دوسرے کے قریب آنا چاہیے اور ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے، زیادہ محبت کرنی چاہے، اور لوگوں کے ساتھ پہلے کی نسبت زیادہ مہربانی اور فراخ دلی کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔

امریکہ کی پاپ گلوکارہ اریانا گرانڈے نے کہا ہے کہ برطانیہ کے شہر مانچسٹر دوبارہ جائیں گی اور وہاں اس ہفتے ان کے میوزک کنسرٹ میں دہشت گرد حملے میں ہلاک ہونے والے 22 افراد اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک امدادی شو کریں گی۔

پیر کی رات جب انہوں نے اپنا شو ختم کیا ہی تھا کہ ایک خودکش بمبار نے مانچسٹر ایرینا کی لوگوں سے بھری ہوئی ایک لابی میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اس حملے میں اریانا گرانڈے محفوظ رہیں تھیں، تاہم اس حملے نے انہیں بری طرح ہلا کر رکھ دیا اور انہوں نے اگلے دو ہفتوں کے طے شدہ اپنے تمام میوزک شو منسوخ کر دیے۔

اریانا نے امدادی شو کے لیے ابھی کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ، لیکن جمعے کے روز ٹوئیٹر پر پوسٹ کیے جانے والے ایک خط میں انہوں نے مانچسٹر میں شو کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بم دھماکے پر اپنے ردعمل میں ہمیں لازماً ایک دوسرے کے قریب آنا چاہیے اور ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے، زیادہ محبت کرنی چاہے، زیادہ بلند آواز میں گانا چاہیے اور لوگوں کے ساتھ پہلے کی نسبت زیادہ مہربانی اور فراخ دلی کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔

میں اپنے پرستاروں کے ساتھ کچھ وقت گذارنے کے لیے بہادروں کے شہر مانچسٹر میں دوبارہ آ رہی ہوں ۔اور میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے افراد اور ان کے خاندانوں کی مدد کے لیے ایک بینیفٹ کنسرٹ کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ شو طے ہوجائے گا، وہ اس کی تفصیلات سے آگاہ کریں گی۔

توقع ہے کہ اریانا دنیا کے اپنے دورے کے سلسلے میں اگلے مہینے یورپ جائیں گی ۔ ان کے یورپی دورے میں فرانس، پرتگال ، سپین اور اٹلی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG