رسائی کے لنکس

آرمی چیف کا نواز شریف سے رابطہ


​​بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ٹیلی فون پر رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان کتنی دیر اور کن دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی۔

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔

فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ آرمی چیف نے بدھ کو سابق وزیرِاعظم کو ٹیلی فون کیا اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی صحت کے بارے میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ٹیلی فون پر رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان کتنی دیر اور کن دیگر معاملات پر بات چیت ہوئی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے بارے میں منگل کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اُنھیں گلے کا سرطان لاحق ہے۔

کلثوم نواز گزشتہ ہفتے ہی طبی معائنے کے لیے لندن گئی تھیں۔

شریف خاندان کے مطابق کلثوم نواز کے مرض کی تشخیص ابتدا ہی میں ہو گئی ہے اور یہ قابل علاج ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ نے پاناما لیکس سے متعلق مقدمے میں 28 جولائی کو نا اہل قرار دے دیا تھا، جس کے بعد لاہور سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست سے مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز کو میدان میں اتارا ہے۔

حکمران جماعت کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی صحت کی خرابی باعث اب اُن کی بیٹی مریم نواز حلقہ این اے 120 میں اپنی والدہ کی انتخابی مہم چلائیں گی۔

عدالت عظمیٰ سے نااہلی کے بعد نواز شریف کے بیانات کے بعد ملک میں بعض حلقوں کی طرف سے کہا جاتا رہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی تنقید کا ہدف عدلیہ اور فوج تھی۔

مسلم لیگ (ن) کی قیادت یہ کہتی رہی ہے کہ وہ کسی ادارے سے ٹکراؤ نہیں چاہتی۔ لیکن سیاسی بے یقینی کے ان حالات میں فوج کے سربراہ کے نواز شریف سے رابطے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG