رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی لڑائی ہے: جنرل راحیل


فائل
فائل

جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو دوبارہ پاکستان میں اپنے ٹھکانے قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شورش کے دوران تباہ حال علاقوں کی تعمیر نو کی جائے گی

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی لڑائی ہے۔ یہ بات انہوں نے اٹلی میں سینٹر آف انٹرنیشنل سٹڈیز سے اپنے خطاب میں کہی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، خطاب میں فوج کے سربراہ نے عالمی سلامتی سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ باقی دنیا کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ محض ایک تنازع ہو سکتی ہے، مگر پاکستان کے لیے یہ بقا کی جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کے خلاف ایک جامع حکمت عملی ہے اور یہ دہشت سے پاک پاکستان کے خواب کو یقینی بنائے گا۔

پاکستان نے گزشتہ سال جون سے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب شروع کر رکھا ہے اور اس کے بعد خیبر ایجنسی میں بھی خیبر ون اور خیبر ٹو کے نام سے کارروائیاں کی گئیں۔

فوج کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے ذریعے بیشر علاقہ دہشت گردوں سے پاک کرا لیا گیا ہے۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ پاکستان میں اپنے ٹھکانے قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شورش کے دوران تباہ حال علاقوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور افغانستان منفرد جغرافیائی مقام پر واقع ہیں اور انہیں ایک دوسرے سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا اور کسی ایک ملک میں امن دوسرے میں امن کے قیام کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG