رسائی کے لنکس

بھارتی کرکٹر محمد شامی کے وارنٹ گرفتاری جاری


حسینہ جہاں نے عدالتی درخواست میں موؑقف اختیار کیا ہے کہ اُن کے شوہر محمد شامی اُن پر مختلف طریقوں سے تشدد کرتے ہیں۔  
حسینہ جہاں نے عدالتی درخواست میں موؑقف اختیار کیا ہے کہ اُن کے شوہر محمد شامی اُن پر مختلف طریقوں سے تشدد کرتے ہیں۔  

بھارتی کرکٹر محمد شامی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے ہیں۔ ان کی اہلیہ حسینہ جہاں کی جانب سے گھریلو تشدد کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

حسینہ جہاں نے محمد شامی پر تشدد کے خلاف کولکتہ کی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

حسینہ جہاں نے عدالتی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے شوہر اور کرکٹر محمد شامی ان پر مختلف طریقوں سے تشدد کرتے ہیں۔

محمد شامی ان دنوں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی غرض سے ویسٹ انڈیز میں ہیں۔

عدالت نے انہیں 15 دن کے اندر اندر خود کو پولیس کے حوالے کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاہم ایک سینئر پولیس عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں ابھی تک عدالتی حکم کی کاپی موصول نہیں ہوئی۔

حسینہ جہاں کے وکیل ذاکر حسین نے اے ایف پی کو بتایا کہ اگر شامی عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کرتے تو عدالت انہیں گرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری کرسکتی ہے۔

ویسٹ انڈیز اور بھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز منگل کو ختم ہو رہی ہے۔

مقامی میڈیا میں بھارتی خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ جب تک محمد شامی چارج شیٹ نہیں دیکھ لیتے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

شامی کی اہلیہ حسینہ جہاں نے گزشتہ سال سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے شوہرپردوسری خواتین سے تعلقات رکھنے اور قتل کرنے کی دھمکی دینے کی الزامات بھی لگائے تھے۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی سسرال پر مارپیٹ کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا جبکہ انہوں نے اپنے موقف کی حمایت میں شامی کے دوسری لڑکیوں کے ساتھ کی گئی چیٹنگ کے اسکرین شاٹس بھی پیش کئے تھے۔

تاہم محمد شامی نے اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ انہیں بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

حسینہ جہاں نے رواں سال مارچ میں شامی پر جہیز مانگنے اور جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات بھی لگائے تھے۔ حسینہ جہاں جو ایک ماڈل ہیں انہوں نے 7 لاکھ روپے ماہانہ خرچ بھی طلب کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG