رسائی کے لنکس

امریکہ میں معاشی سست روی مگر آرٹ کے بزنس کی ترقی


امریکہ میں معاشی سست روی مگر آرٹ کے بزنس کی ترقی
امریکہ میں معاشی سست روی مگر آرٹ کے بزنس کی ترقی

شدید گرمی کے باوجود، یہاں ریاست ورجینیا کے علاقے روز لین میں موسیقی دوپہر کے کھانے کے اوقات میں کچھ لوگوں کو اپنے دفاتر سے باہر آنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ دوپہر کے کھانے کے اوقات میں موسیقی کی یہ محفلیں روزلین کی ایک تنظیم بزنس امپرومنٹ ڈسٹرکٹ کی طرف سے مفت پیش کی جاتی ہیں۔ جس کے ممبر اس علاقے میں موجود عمارتوں کے مالک ہیں۔

سیسیلیا کیسیڈی اس تنظیم کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ لوگوں کو ایسے کمرشل علاقے کی طرف کھینچنے کے لیے ایسی سہولیات دینا ضروری ہیں جو یہاں کام کرنے والوں کو پسند آئیں۔

آرٹ سفیئر نامی جگہ بھی اسی طرح کی ایک پرکشش جگہ ہے جسے ایک میوزیم سے اس شکل میں ڈھالنے کے لیے بزنس امپروومنٹ ڈسٹرکٹ نے 12 لاکھ ڈالرز مہیا کیے ہیں۔

ادارے کے ایک عہدے دار ہوزے اورٹزکہتے ہیں کہ ہمارے پاس فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے مختلف قسم کے پروگرامز ہیں ، جیسے رقص و موسیقی اور پرفامرنگ آرٹ، جنھیں دیکھنے کے لیے ہر قسم کے لوگ آتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہاں آنے والے لوگوں کو اپنی صلاحتیں دکھانے کا موقع بھی دیا جاتا ہے۔ جس کے لیے انھیں بغیر کسی فیس کے سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

نیشنل اینڈوومنٹ آف آرٹ سے منسلک جیسن شو باک کہتے ہیں کہ روزلین کے کاروباری علاقے میں فنون لطیفہ سے متعلق سرگرمیوں میں پیسہ لگانا ایک اچھی سرمایہ کاری رہی ہے۔

جبکہ واشنگٹن کے دوسری طرف واقع ریاست میری لینڈ کے علاقے ہائٹس ول میں بھی اس حوالے سے خاصا کام ہو رہا ہے۔ یہ علاقہ کچھ عرصہ قبل ویران سا تھا اب یہاں آرٹ ڈسٹرکٹ بننے سے کافی گہما گہمی نظر آتی ہے۔

پچھلے کچھ عرصے سے معاشی مندی کے باوجود یہاں نئے گھر بنے ہیں اورنئی دکانیں بنی ہیں۔ اور کچھ فنکار بھی یہاں آکر رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ان دنوں یہاں کی سب سے پرانی بلڈنگ کو تھیٹر میں تبدیل کرنے پر بھی کام ہو رہا ہے۔ سٹیورٹ آئزنبرگ کا کہنا ہے کہ آرٹ میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے نہ صرف معاشی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اس سے کمیونٹی کے لیے بھی بہت سے فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ یہ نہ صرف معیشیت اور علاقے کی خوبصورتی کے لیے اچھا ہے بلکہ مستقبل میں یہ لوگوں کو بھی تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اور اس سے آپ ایک بدحال علاقے کو ایک ایسی جگہ میں تبدیل کر سکتے ہیں جو سرمایہ کاری کےلیے مثال بن جائے۔

آئزنبرگ کا کہنا تھا کہ اس ترقی کے ساتھ ساتھ وہ یہاں فنکاروں کے لیے سستی رہائش کو بھی یقینی بنائیں گے کیونکہ اس جگہ کی ترقی میں ان کا کردار سب سے اہم ہے۔

XS
SM
MD
LG