رسائی کے لنکس

افغانستان: ایک امریکی ہلاک اور منشیات کی بھاری کھیپ ضبط


افغانستان: ایک امریکی ہلاک اور منشیات کی بھاری کھیپ ضبط
افغانستان: ایک امریکی ہلاک اور منشیات کی بھاری کھیپ ضبط

افغانستان میں بین الاقوامی فوجوں نے کہا ہے کہ ملک کے مشرق میں بم کے ایک دھماکے میں امریکی مسلح افواج کا ایک رُکن ہلاک ہوگیا۔ نیٹو نے جمعرات کے اس حملے کی کوئى تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

اتحاد نے یہ بھی کہا ہے کہ جنوب مشرقی صوبے پکتیا میں افغان فوج اور بین الاقوامی فوجوں نے گذشتہ رات طالبان کے اتحادی حقّانی گروپ کے ایک کمانڈر کو تلاش کرتے ہوئے ایک چھاپے کے دوران متعدد جنگ جوؤں کو ہلاک کردیا۔مشترکہ فوجی دستے نے دوسرے کئى باغیوں کو حراست میں لے لیا اور کئى خود کار رائفلیں ضبط کرلیں۔

اسی دوران نیٹو نے جمعے کے روز کہا ہے کہ ایک مقامی افغان شہری نے تعمیرِ نو کی ایک صوبائى ٹیم کے اڈے پر روسی ساخت کے 68 مارٹر گرینیڈ حکام کے حوالے کردیے۔ نیٹو کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہتھیار حوالے کردینے یا ایسی اطلاعات فراہم کرنے پر، جن کے نتیجے میں متعدد ہتھیار پکڑے گئے، لگ بھگ 150 افغان شہری نقد انعام وصول کرچکے ہیں۔

نیٹو نے یہ بھی کہا ہے کہ برّی اور فضائى بین الاقوامی فوجوں نے بدھ کے روز صوبہ قندھار کے ضلعے میوند میں دو ہزار 700 کلوگرام سے زیادہ مقدار میں خلافِ قانون منشیات کو ضبط کرلیا۔

ہیلی کاپٹروں میں سوار فوجیوں نے علاقے میں ایک مشتبہ ٹرک کو دیکھا تھا، جو بظاہر ہیلی کاپٹروں سے بچ نکلنے کی کوشش کررہا تھا۔ اِن فوجیوں نے قریب میں تعینات برّی فوج کے دستے سے رابطہ قائم کیا۔ جس نے موقعے پر پہنچ کر جب ٹرک کی تلاشی لی تو فوجیوں کو اُس میں تقریباً دو ہزار 400 کلو گرام تیار شدہ افیون، تقریباً 450 کلوگرام گیلی خام افیون اور تقریباً 23 کلوگرام ہیروئین ملی۔

XS
SM
MD
LG