رسائی کے لنکس

پاک فضائیہ کے سابق سربراہ اصغر خان انتقال کرگئے


اصغر خان (فائل فوٹو)
اصغر خان (فائل فوٹو)

ایئر مارشل اصغر خان نے پاکستان کی سیاست میں بھی بھرپور حصہ لیا اور تحریکِ استقلال کے نام سے اپنی ایک جماعت بھی بنائی۔

پاکستان ایئر فورس کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل (ر) اصغر خان انتقال کرگئے ہیں۔ ان کی عمر 97 برس تھی۔

اصغر خان سینے میں انفیکشن کے باعث سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیرِ علاج تھے جہاں وہ جمعے کی صبح 6 بجے دل کا دورہ پڑنے سے وفات پاگئے۔

ان کی نمازِ جنازہ ہفتے کو ایبٹ آباد کے نواں شہر گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جس کے بعد تدفین آبائی قبرستان نواں شہر میں ہوگی۔

صدرِ مملکت ممنون حسین، پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہان اور کئی سیاسی رہنماؤں نے اصغر خان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اصغر خان 17 جنوری 1921ء کو جموں میں پیدا ہوئے تھے۔ 1936ء میں رائل انڈین ملٹری کالج ڈیرہ دون میں تعلیم حاصل کی۔ 1940ء میں گریجویشن کی اور اسی سال کے آخر میں نویں رائل دکن ہارس میں کمشین افسر مقرر ہوئے۔ 1944ء میں برما میں بطور فلائٹ کمانڈر خدمات انجام دیں اور جنگ برما میں حصہ لیا۔ انہیں جاپان کے فوجی ٹھکانوں پر ہوائی حملہ کرنے پر مامور کیا گیا تھا۔ 1945ء میں اسکواڈرن لیڈر بنائے گئے۔ 1946ء میں برطانیہ گئے اور وہاں جیٹ طیارے اڑانے کی تربیت حاصل کی۔

قیامِ پاکستان کے بعد پاکستان ایئر فورس کالج رسالپور نوشہرہ کو منظم کرنے کا فریضہ انجام دیا۔ 1949ء میں گروپ کیپٹن بنائے گئے اور اسی سال ان کو رائل ایئر فورس اسٹاف کالج برطانیہ سے اعلٰی کارکردگی کا ایوارڈ ملا۔ 1957ء میں صرف 36 سال کی عمر میں ایئر وائس مارشل بنائے گئے۔ 1958ء میں ایئر مارشل ہوگئے۔ اصغر خان کو ہلالِ قائداعظم اور ہلالِ پاکستان کے اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

ایئر مارشل اصغر خان نے پاکستان کی سیاست میں بھی بھرپور حصہ لیا اور تحریکِ استقلال کے نام سے اپنی ایک جماعت بھی بنائی۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اسی جماعت سے تعلق رکھتے تھے۔ لیکن بعد میں وہ مسلم لیگ میں شامل ہوگئے۔

سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں اصغر خان نے حکومت کے خلاف تحریک بھی چلائی۔ لیکن اس کے بعد وہ سیاست سے دستبردار ہوگئے۔

ائیرمارشل اصغر خان کو 2002ء میں اس وقت دکھ جھیلنا پڑا جب ان کے جواں سال صاحبزادے عمر اصغر پرسرار طور پر اپنے گھر میں وفات پاگئے۔ عمر اصغر سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور میں وفاقی وزیر بھی رہے تھے۔

ایئر مارشل اصغر خان ایک عرصے سے سماجی تقریبات سے غائب تھے اور شام کے وقت اسلام آباد کے شالیمار کرکٹ گراؤنڈ کے واکنگ ٹریک پر نظر آتے تھے جہاں وہ لاٹھی کے ساتھ کچھ دیر چہل قدمی کرتے اور پھر تمام شام دیگر چہل قدمی کرنے والوں کو دیکھتے رہتے تھے۔

XS
SM
MD
LG