رسائی کے لنکس

سڈنی ٹیسٹ پرآسٹریلیا کی گرفت مضبوط، 4 وکٹوں پر 479 رنز


ایشز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ کا تیسرا دن آسٹریلوی بیٹسمینوں کے نام رہا۔ آج پورے دن کے کھیل میں صرف دو وکٹیں گنوا کر مجموعی اسکور میں 286 رنز کا اضافہ کیا اور کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر479 رنز بنالئے۔ عثمان خواجہ نے 171رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس طرح آسٹریلیا نے انگلینڈ کے پہلی اننگز کے اسکور 346 رنز پر 133 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ اُس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ شان مارش 98 اور مچل مارش 63 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے 193رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی۔ عثمان خواجہ اور اسمتھ نے اننگز کو پراعتماد انداز میں آگے بڑھایا اورٹیم کا اسکور 274 رنز تک پہنچا دیا۔ دونوں بیٹسمینوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 188 رنز بنائے، اس موقع پر اسمتھ 83 رنز بنا کر معین علی کو وکٹ دے بیٹھے۔

یہ چھٹا موقع ہے جب اسمتھ اور خواجہ کے درمیان شراکت میں 100 یا اُس سے زائد رنز بنے ہیں جبکہ دونوں بیٹسمینوں کے درمیان 18 اننگز میں 12 مرتبہ 50 یا اُس سے زائد رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہیں۔

اس دوران عثمان خواجہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے خلاف پہلی اور مجموعی طور پر چھٹی سنچری اسکور کی، وہ 171 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

شان مارش اور مچل مارش نے بھی رنز بنانے کے اس سلسلے کوجاری رکھا اور کھیل کے اختتام تک چوتھی وکٹ کی ناقابل تسخیر شراکت میں 104 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 479 تک پہنچا دیا۔

یوں آسٹریلیا نے انگلش ٹیم کے خلاف 133رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ اُس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہے۔ شان مارش 98 اور مچل مارش 63 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

XS
SM
MD
LG