رسائی کے لنکس

ایشز سیریز: اسمتھ کی ایک اور سنچری، میلبورن ٹیسٹ ڈرا


اسٹیون اسمتھ
اسٹیون اسمتھ

ٓسٹریلوی بلے بازوں اسٹیون اسمتھ اورڈیوڈ وارنرکی محتاط بیٹنگ کے باعث انگلینڈ کی امیدوں پر پانی پھر گیا اور باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

ایشز سیریزمیں چوتھے کرکٹ ٹیسٹ کے آخری روز انگلش ٹیم اس امید کے ساتھ میدان میں اُتری کہ آسٹریلیا کے دو، چار بیٹسمینوں کو جلد پویلین واپس بھیج کر جیت کی پوزیشن میں آسکتی ہے ۔

آسٹریلیا نے 103رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز دوبارہ شروع کی۔ کپتان اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر نے سست رفتار بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ کے لئے 107رنز کی شراکت داری قائم کی۔ وارنر 227 گیندوں پر 86 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جو ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کی سست ترین نصف سنچری ہے۔

نئے آنے والے بیٹسمین شان مارش صرف 4 رنز بناسکے، اس دوران اسمتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 23 ویں سنچری مکمل کی، ایک کیلنڈر ایئر میں اُن کی یہ چھٹی سنچری ہے، جس کے ساتھ ہی وہ کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ اس سے قبل رکی پونٹنگ بھی 6 سنچریوں کے ساتھ یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

اسمتھ نے سست رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 275 گیندیں کھیل کر 102 رنز بنائے جو ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کی دوسری سست ترین سنچری ہے۔

آسٹریلوی بیٹسمینوں کی سست رفتاری کا انداز اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آج کھیل کے پہلے 14اوورز میں اسمتھ اور وارنر نے صرف 20 رنز بنائے۔

اس طرح میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پرکھیلا گیا باکسنگ ڈے ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ اس گراؤنڈ پر کھیلے گئے گزشتہ 20 میچوں میں یہ صرف دوسرا میچ ہے جو ڈرا ہوا۔

آخری اسکور یہ رہا۔ آسٹریلیا 327 اور 263 چار کھلاڑی آؤٹ۔ انگلینڈ 491 رنز۔

سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 4 جنوری سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG