رسائی کے لنکس

ایشیا کپ ٹرافی کی رونمائی، تمام کپتان جیت کے لئے پرعزم


ایشیا کپ میں حصہ لینے والی کرکٹ ٹیموں کے کپتان اور انعامی ٹرافی
ایشیا کپ میں حصہ لینے والی کرکٹ ٹیموں کے کپتان اور انعامی ٹرافی

ایشیا میں کھیلوں کے اہم ایونٹ ایشیا کپ کرکٹ 2018ء کا میدان ہفتے سے متحدہ عرب امارات میں سجے گا۔ ایونٹ میں شریک ٹیموں کے کپتانوں نے جیت کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ ٹرافی کی رونمائی بھی کر دی گئی ہے۔

دبئی میں ایک تقریب کے دوران ٹرافی کی رونمائی ہوئی جس میں دفاعی چیمپئن بھارت کے کپتان روہت شرما، پاکستان کے سر فراز احمد، سری لنکا کے اینجلیو میتھیوز، بنگلادیش کے مشرقی مرتضیٰ، افغانستان کے اصغر افغان اور ہانگ کانگ کے انشومن راتھ نے شرکت کی۔

ایشیاء کپ پر’ نظر‘ہے، سرفراز احمد

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سر فراز احمد نے ایشیا کپ کے لئے ٹیم کی تیاری کو اچھا قرار دیا اور کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے سفر جاری ہے لیکن فی الحال فوكس ایشیا کپ ہے۔

سر فراز نے پچھلے ایشیا کپ سے زیادہ بہتر پرفارمنس دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں اب پختگی آ گئی ہے۔

پاکستان کے خلاف میچ کا انتظار ہے، روہت شرما

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ اُنہیں پہلی مرتبہ مکمل سیریز میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے۔ ایشیا کپ کے تمام میچز اہم ہیں لیکن پاکستان کے خلاف میچ کا انتظار ہے اور اس کے لئے کافی پرجوش ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ ابھی سے فائنل کی بات کرنا حماقت ہو گی۔ یہ بڑا ایونٹ ہے اور کوشش ہو گی کہ اچھا پرفارم کریں گے۔ تاہم اُن کا کہنا تھا کہ طویل دورہ انگلینڈ کے بعد گھر جاتے اور آرام کے بعد یہاں آتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔

ایشیا کپ کا آغاز ہفتے سے، پاکستان کے لئے تیسری بار کپ جیتنے کا موقع

ایشیا کپ کا آغاز ہفتے سے دبئی میں ہو رہا ہے۔ افتتاحي میچ سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان ہوگا۔ اب تک ہونے والے 13 ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں بھارت نے 6، سری لنکا نے 5 جبکہ پاکستان نے دو مرتبہ جیت کا تاج اپنے سر پر سجایا ہے۔ اس طرح پاکستان کے پاس تیسری بار یہ کپ جیتنے کا موقع ہو گا۔

ایشیا کپ 2018ء میں شریک چھ ٹیموں کو دو گروپ’’ اے‘‘اور’’ بی ‘‘میں تقسیم کیا گیا ہے۔

’’ اے‘‘ گروپ پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ جبکہ’’ بی ‘‘گروپ سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔

اتوار کو پاکستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ ایونٹ کا سب سے اہم میچ 19 ستمبر کو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو گا۔

فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا، جس کے لئے ابھی انتظار کرنا پڑے گا۔

ایشیا کپ میں 1984ء سے اب تک پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 12مرتبہ مدمقابل آ چکی ہیں۔ بھارت نے 6 اور پاکستان نے 5 میچ جیتے جبکہ ایک مقابلہ بے نتیجہ رہا۔

XS
SM
MD
LG