رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: پاکستان کی بھارت کو ایک وکٹ سے شکست


میچ کے آخری مراحل میں، شاہد آفریدی نے دو چھکے لگا کر 249 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان، محمد حفیظ 75 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ اُنھیں ’آف مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا

ڈھاکا میں کھیلے گئے ایشیا کرکٹ کپ میں، پاکستان اور بھارت کا میچ سنسنی خیز انداز میں ختم ہوا، اور پاکستان نے بھارت کو ایک وکٹ سے ہرا دیا۔

میچ کے آخری مراحل میں، شاہد آفریدی نے دو چھکے لگا کر 249 رنز کا ہدف حاصل کیا؛ اور یوں، پاکستان نے یہ میچ اپنے نام کر لیا۔ کپتان محمدحفیظ75رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ اُنھیں ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

میچ کے اختتام پر، شاہد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت کے خلاف یہ ایک اہم میچ تھا، جسے بہتر کارکردگی کی بنیاد پر جیتا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

میچ جیتنے کے بعد، پاکستانیوں کی خوشی دیدنی تھی، جب، موصولہ رپورٹوں کے مطابق، ملک کے مختلف شہروں میں خوشی کے اظہار کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی اور لوگوں نے بھنگڑے ڈالے۔ اتوار کے روز چھٹی ہونےکے باعث شائقین ٹی وی اسکرینوں کے سامنے بیٹھے رہے، اور کھیل سے آخری گیند تک لطف اندوز ہوئے۔

اس سے قبل، ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 246 رنز کا ہدف دیا۔

بنگلہ دیش میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جس نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔

بھارت کو پہلا نقصان صرف 18 رنز کے عوض شیکھر دھون کی صورت میں اٹھانا پڑا جو دس رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

کپتان ویرات کوہلی پاکستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا خطرہ تصور کیے جارہے تھے لیکن وہ عمر گل کی ایک گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے پانچ رنز اسکور کیے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روہت شرما تھے جنہیں محمد طلحہ کی گیند پر محمد حفیظ نے کیچ آؤٹ کیا۔ انھوں نے دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے۔ اجنکیا راہانے کی وکٹ بھی محمد طلحہ کے حصے میں آئی۔

پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دنیش کارتک تھے جو 23 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ریادو 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ایشون صرف نو رنز بنا سکے۔ محمد شامی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے تین، محمد حفیظ اور محمد طلحہ نے دو، دو اور عمر گل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس ٹورنامنٹ میں پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان پانچ پوائنٹس کے ساتھ آگے ہے جب کہ بھارت نے چار پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔

پاکستانی ٹیم میں انور علی کی جگہ محمد طلحہ جب کہ بھارت نے اسٹیورٹ کی جگہ امیت مشرا کو شامل کیا ہے۔

ٹاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یہ سب کھلاڑیوں کے لیے بہتر کھیل پیش کر کے ہیرو بننے کا ایک بڑا موقع ہے۔ ان کے بقول یہ ’’ہمیشہ پریشر گیم‘‘ رہی ہے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر وہ بھی پہلے باؤلنگ ہی کا فیصلہ کرتے۔
XS
SM
MD
LG