رسائی کے لنکس

ایشین گیمز ہاکی: پاکستان ملائیشیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں


پاکستان کی ہاکی ایونٹ میں یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔ اس سے قبل وہ اومان، قازقستان اور تھائی لینڈ کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرچکا ہے۔

ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر نہ صرف سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے بلکہ میڈل حاصل کرنے امکانات بھی یقینی بنالیے ہیں۔

ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ایک انٹرویو میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ "اس بار ہمارا ٹارگٹ گولڈ میڈل ہے۔"

پاکستان کی ہاکی ایونٹ میں یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔ اس سے قبل وہ اومان، قازقستان اور تھائی لینڈ کے خلاف بھی کامیابی حاصل کرچکا ہے۔

ان فتوحات کی بدولت ہی پاکستان 'پول بی' میں ٹاپ پوزیشن پر آ گیا ہے اور ابھی تک ناقابلِ شکست ہے۔

ملائیشیا کے خلاف میچ کے چھٹے منٹ میں ہی محمد عرفان نے پنالٹی کارنر پر گول کیا۔ لیکن گیارہویں منٹ میں مخالف ٹیم کے کھلاڑی فیض ہیلمی نے بھی پنالٹی کارنرکا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف گول داغ دیا اور یوں دونوں ٹیموں کا اسکور ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔

میچ کے 38 ویں منٹ میں اعجاز احمد اور 43 ویں منٹ میں مبشر علی نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے ٹیم کو 1-3 سے برتری دلا دی۔ جب کہ 48 ویں منٹ میں اعجاز احمد نے ایک اور گول کرکے ٹیم کی فتح یقینی بنادی۔

منگل کو پاکستان کا پانچواں میچ بنگلہ دیش سے ہوگا۔ ٹیم منیجر حسن سردار نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کوریا سے ہوسکتا ہے۔

اب تک جیتے گئے چاروں میچز کے بعد پاکستان کے 12 پوائنٹس، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کے چار، چار میچ کھیل کر 9، 9 پوائنٹس ہیں۔

XS
SM
MD
LG