رسائی کے لنکس

logo-print

شہباز کی گرفتاری پر اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ


Pakistan National Assembly

پاکستان میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری پر قومی اسمبلی کا فوری اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی طرف سے اجلاس بلانے کے لیے درخواست اسپیکر اسمبلی کو جمع کروادی ۔

اسلام آباد میں ایاز صادق کی سربراہی میں اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔اپوزیشن کے وفد میں ن لیگ، جے یو آئی (ف) اور جماعت اسلامی کے اراکین شامل تھے۔

اپوزیشن نے اسد قیصر کو شہباز شریف کی گرفتاری پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور قومی اسمبلی کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ مشاورت کے بعد اجلاس کی ریکوزیشن جمع کرائی اور اسپیکر سے اجلاس جلد بلانے کی درخواست کی، شہباز شریف کو بھی اجلاس میں شرکت کیلئے طلب کیا جائے اور ان کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے، دیگر جماعتوں سے بھی رابطے ہوئے ہیں سب کیلئے یہ تشویشناک معاملہ ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ن لیگی قیادت کےخلاف سیاسی انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا نیب نے قائد حزب اختلاف کو صاف پانی کیس میں بلاکر آشیانہ کیس میں گرفتار کیا، یہ الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے، جب بھی الیکشن یا ضمنی الیکشن آتا ہے مسلم لیگ ن کی قیادت گرفتارہوتی ہے۔

رانا تنویر نے کہا کہ ایسی انتقامی کارروائیاں تو مشرف دور میں بھی نہیں ہوئیں، شہبازشریف کی گرفتاری سے بین الاقوامی طور پر بہت غلط پیغام گیا، حکومت کے پاس وقت ہے سدھر جائے نہیں تو گھر بھیج دیں گے۔

جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکومت بدترین انتقامی کارروائیوں پراترآئی ہے اور جو کچھ کررہی ہے اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا،

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ کہنا قابل افسوس ہے کہ حکومت کی پشت پر عدلیہ، فوج اور نیب کھڑی ہے، یہ سب مل کر ایک پارٹی کے خلاف بزدلانہ کاروائیاں کر رہے ہیں، اپوزیشن اس پر چپ نہیں رہے گی، جو کچھ آج ایک جماعت کے ساتھ ہو رہا ہے کل کسی اور جماعت کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے آغاز میں ہی قبرستان جانے کا ارادہ کر لیا ہے، تاہم اپوزیشن ایسی گرفتاریوں سے گھبرائے گی نہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی اجلاس ریکوزیشن کرنے کے معاملہ پر سابق اسپیکر ایاز صادق کا پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ سے رابطہ کیا ہے اوراجلاس ریکوزیشن کرانے کے لئے پیپلز پارٹی کو حمایت کی درخواست کی ہے،

مسلم لیگ(ن) کے مطابق اس مطالبہ پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد میں موجود نہیں تھے اس لئے اجلاس طلبی کی درخواست پر دستخط نہیں کرسکے، اس معاملہ چیئرمین بلاول بھٹو سے بات ہوئی ہے اور بلاول بھٹو نے اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی حمایت کی ہے،قائد حزب اختلاف پارلیمنٹ کا اہم ترین حصہ ہے اور ہم نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کی ہے، شہبازشریف کی گرفتاری پر پارلیمنٹ کو آگاہ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 5 اکتوبر کو صاف پانی اسکینڈل کے حوالے سے بیان کے لیے طلب کیا گیا تھا جہاں انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا تھا۔

XS
SM
MD
LG