رسائی کے لنکس

مصر: سینا میں پولیس چوکی پر حملہ، 13 اہلکار ہلاک


فائل
فائل

مشرقِ وسطیٰ میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے انٹرنیٹ پر جاری اپنے بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

مصر کے علاقے جزیرہ نما سینا میں شدت پسندوں کے ایک حملے میں 13 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

مصری حکام کے مطابق حملہ صوبے شمالی سینا کے صدر مقام العریش میں ہفتے کو کیا گیا۔ شدت پسندوں نے شہر کی ایک پولیس چوکی پر مارٹر گولہ فائر کیا جس سے چوکی تباہ ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق مارٹر حملے کے نتیجے میں ہونے والا دھماکہ خاصا زور دار تھا جس سے چوکی کی نزدیکی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

بعض عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے بعد زخمیوں کو لینے کے لیے علاقے میں جانے والی ایمبولینسوں پر شدت پسندوں کی جانب سے شدید فائرنگ بھی کی گئی۔

مشرقِ وسطیٰ میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے انٹرنیٹ پر جاری اپنے بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

حملے کےبعد مصری سکیورٹی اداروں نے العریش کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیے اور شہر میں شدت پسندوں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔

مصر کے معزول صدر محمد مرسی کی اسلام پسند حکومت کے خلاف 2014ء میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد سے سینا کے علاقے میں شدت پسندوں کے حملے عروج پر ہیں جن میں اب تک سیکڑوں پولیس اور فوجی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر فوج نے گزشتہ سال اکتوبر میں سینا کے علاقے میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جو تاحال موثر ہے۔

لیکن اس اقدام کے باوجود علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں اور سرکاری تنصیبات پر شدت پسندوں کے حملے جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG