رسائی کے لنکس

عراق: یومِ عاشور کے جلوس میں بھگدڑ مچنے سے 31 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عراق کے شہر کربلا میں یومِ عاشور کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یہ واقعہ منگل کو کربلا میں اس وقت پیش آیا جب یومِ عاشور کا جلوس رواں دواں تھا۔

جلوس میں بھگدڑ مچنے سے 31 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو گئی ہے جب کہ 100 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

عراق کی وزارتِ صحت کے ترجمان نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ واقعہ کیسے پیش آیا؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق کربلا میں جلوس کی گزرگاہ کا ایک حصّہ منہدم ہونے سے بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا۔

واضح رہے کہ عراق میں اہل تشیع مسلک سے منسلک مسلمان اکثریتی تعداد میں موجود ہیں جب کہ یومِ عاشور کے موقع پر دنیا بھر سے ہزاروں افراد ماتمی جلوسوں میں شرکت اور مقدس مقامات کی زیارت کے لیے کربلا آتے ہیں۔

یومِ عاشور، پیغمبرِ اسلام حضرت محمد کے نواسے امام حسین کے مخالفین کے سامنے نہ جھکنے اور اصولوں کی خاطر اہل خانہ کے ہمراہ قربانی دینے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

یومِ عاشور ہر سال اسلامی کیلنڈر کے پہلے مہینے کی 10 تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے 10 محرّم کو یومِ عاشور بھی کہا جاتا ہے۔

اس موقع پر عزاداران حضرت حسین کی یاد میں مجالس کا انعقاد کرتے ہیں جب کہ ماتمی جلوس بھی نکالے جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG