رسائی کے لنکس

چین: مسافر بس کے حادثے میں 36 افراد ہلاک


چین کی ہائی ویز پر تیز رفتاری اور ڈرائیوروں کے غیر محتاط رویے کے باعث حادثات معمول ہیں۔

چین میں ایک مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 36 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ جمعے کو علی الصباح وسطی صوبے شانگژی میں پیش آیا۔

متاثرہ بس صوبے سیچوان کے دارالحکومت چینگڈو سے صوبہ ہینان کے شہر لوویانگ جارہی تھی جب ایک مصروف شاہراہ پر واقع سرنگ میں داخل ہوتے ہوئے دیوار سے ٹکراگئی۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا حادثے میں کسی اورگاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ژنہوا' کی جانب سے جاری تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹکر سے بس بری طرح تباہ ہوگئی ہے۔

چین کی ہائی ویز پر تیز رفتاری اور ڈرائیوروں کے غیر محتاط رویے کے باعث حادثات معمول ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق چین میں ہر سال ٹریفک حادثات میں دو لاکھ 60 ہزار اموات ہوتی ہیں جو شرح کے اعتبار سے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں بہت زیادہ ہیں۔

گزشتہ ماہ بھی شمالی صوبے ہیبی کے ایک مرکزی شاہراہ پر ایک مسافر بس اور ٹرک کے درمیان ٹکر سے 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG