رسائی کے لنکس

عاطف اسلم  نے خاتون کو بچانے کے لیے کانسرٹ روک دیا


عاطف اسلم ہفتے کے روز کراچی میں ایک کانسرٹ میں پرفارم کر رہے تھے جب انہیں ایک خاتون کو ہراساں ہونے سے بچانے کے لئے اپنا گانا روکنا پڑا۔ اس سارے معاملے کو وہاں موجود لوگوں نے اپنے موبائل کیمروں میں ریکارڈ کر لیا۔ فون کیمرہ سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھاجا سکتا ہے کہ عاطف اسلم نے اپنے ساتھیوں کو گانا روکنے کے لئے کہا اور خاتون کو ہراساں کرنے والے شخص کو مخاطب کر کے اس کے شرمناک عمل کا احساس دلایا اور اس کے بعد اپنے ساتھیوں کو ہدایت کی کہ وہ اس خاتون کو محفوظ جگہ پر منتقل کر دیں۔

عاطف اسلم کی یہ ویڈیو، آنے کے بعد سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی ۔ دنیا بھر میں جہاں عاطف اسلم کی ہمت اور اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے وہیں عام افراد میں خواتین کے تحفظ کے بارے میں ایک نیا شعور اجاگر کرنے کی بحث چھڑ گئی ہے۔ عاطف اسلم فیس بک اور ٹویٹر پر ٹرینڈ کر رہے ہیں ، ان کی نہ صرف پاکستان میں پزیرائی کی جا رہی ہے بلکہ عاطف کوخراج تحسین پیش کرنے والوں میں بڑی تعداد میں بھارتی بھی سامنے آ رہے ہیں۔

بھارت میں ،حال میں ہونے والے خواتین کے ساتھ بد سلوکی کے رویے کے بڑھتے ہوئے رحجان نے بھارتی معاشرے میں مردوں کے کردار پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ اس موقع پر عاطف اسلم کی یہ ویڈیو لاکھوں افراد کے لیے خواتین کے تحفظ اور ان کے احترام کے بارے میں ایک مثال بن کر سامنے آئی ہے۔

XS
SM
MD
LG