رسائی کے لنکس

عاطف اسلم بالی ووڈ فلموں میں ایکٹنگ کے لئے تیار


عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ ’مجھے پچھلے دو سالوں سے فلموں کی آفرز مل رہی تھیں۔ اوراب آپ مجھے رواں سال کے آخر یا پھر اگلے سال کے شروع میں ایکٹنگ کرتے ہوئے دیکھیں گے۔‘

بالی وڈ کو کئی میگاہٹ گانے دینے والے پاکستانی سنگر اور ایکٹر عاطف اسلم ممبئی فلم نگری میں ایک بار پھر ’نیوکمر‘ بن کر اینٹری دینے والے ہیں۔ جی ہاں۔ عاطف اسلم سنگنگ کے بعد اب بالی وڈ میں اپنے ایکٹنگ ٹیلنٹ کے جوہر بھی دکھاتے نظر آئیں گے۔

ویسے عاطف اسلم کے لئے ایکٹنگ کا میدان کچھ ایسا نیا بھی نہیں۔ وہ 2011میں پاکستانی فلم ’بول‘ سے فلموں میں اداکاری کا آغاز کر چکے ہیں۔

بھارتی نیوزایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف اسلم نے کہا کہ ’مجھے پچھلے دو سالوں سے فلموں کی آفرز مل رہی تھیں اوراب آپ مجھے رواں سال کے آخر یا پھر اگلے سال کے شروع میں ایکٹنگ کرتے ہوئے دیکھیں گے۔‘

عاطف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’میں نے اب تک کوئی فلم سائن تو نہیں کی۔ لیکن میں یا تو ولن یاپھر رومینٹک رول کرنا پسند کروں گا ۔ایک ایسی خوبصورت فلم جومیوزک سے سجی ہونے کے ساتھ ساتھ رومینٹک بھی ہو۔‘

نئے البم کی تیاری
بالی وڈ کو ’پہلی نظرمیں۔۔۔’، ’تو جانے نا’ ، ’وہ لمحے‘، ’عادت‘ اور ’تیرے بن‘ جیسے بلاک بسٹر گانے دینے والے عاطف نے میوزک لوورز کو یہ خوشخبری بھی سنائی کہ سال کے آخرتک ان کا نیا البم بھی مارکیٹ میں آجائے گا۔

عاطف کا آخری البم ’میری کہانی’ 2008ء میں سامنے آیا تھا۔ عاطف کا کہنا تھا کہ اتنے سالوں میں نے میوزک کمپوز کیا اور اب میرے پاس 150 گانوں کی لائبریری مکمل ہے۔

انڈوایشین نیوز ایجنسی کے مطابق عاطف اسلم کو اس بات کا شکوہ ہے کہ لوگ میوزک خریدنے کے بجائے ڈاوٴن لوڈ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔عاطف کا نیا گانا ’زندگی آرہا ہوں میں۔۔۔‘ جلد ریلیز ہوگا۔

بالی وڈ کے ابھرتے اسٹار ٹائیگر شیروف بھی عاطف کے گانے کی ویڈیو کا حصہ ہیں۔

عاطف اسلم نے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں ایک بار پھر بھٹ فیملی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔ بقول عاطف بالی وڈ میں پہلا چانس دینے پر میں ہمیشہ بھٹ کمپنی کا شکرگزار رہوں گا۔

XS
SM
MD
LG