رسائی کے لنکس

آسٹریلوی تبصرہ نگار 'نسلی امتیاز' کا مرتکب قرار


آسٹریلوی تبصرہ نگار 'نسلی امتیاز' کا مرتکب قرار
آسٹریلوی تبصرہ نگار 'نسلی امتیاز' کا مرتکب قرار

ایک آسٹریلوی عدالت نے برِاعظم کے قدیمی باشندوں کے حوالے سے غیر محتاط تحریر پر ایک مقامی اخبار کے کالم نگار کو امتیازی سلوک سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے دیا ہے۔

اخبار 'ہیرالڈ سن' کے کالم نگار اینڈریو بولٹ نے لکھا تھا کہ گوری رنگت کے حامل ابرجینیز (آسٹریلیا کے اصل اور قدیم باسی) ذاتی مفاد کے حصول کے لیے اپنی اس حیثیت کا تعارف کراتے ہیں۔

آسٹریلوی عدالت کے جج نے بدھ کو سنائے گئے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ بولٹ کے 2009ء میں شائع ہونے والے دو کالموں میں "گوری رنگت کے حامل ابرجینیز" کے الفاظ"توہین آمیز" ہیں۔

جج مارڈی برومبرگ نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا ہے کہ دونوں مضامین میں "حقیقت کے برخلاف اور اشتعال انگیز زبان استعمال کی گئی ہے"۔

فیصلے کے بعد کمرہ عدالت سے باہر آنے پر اینڈریو بولٹ نے عدالتی ریمارکس کو آسٹریلیا میں "اظہارِ رائے کی آزادی کے لیے ایک تکلیف دہ دن" قرار دیا۔

تاہم بولٹ کے ریمارکس کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے والے نو ابرجینیز میں سے ایک مدعی اور سماجی کارکن پیٹ ایٹاک نے واضح کیا کہ ان کا مقدمہ آزادی اظہار کے خلاف نہیں بلکہ پیشہ وارانہ صحافت سے روگردانی کے خلاف تھا۔

واضح رہے کہ ابرجینیز آسٹریلیا کی دو کروڑ 30 لاکھ کے لگ بھگ آبادی کا صرف دو فی صد ہیں۔ تاہم ابرجینیز کی اکثریت نہ صرف بے روزگاری اور غربت کا شکار ہے بلکہ انہیں دیگر آسٹریلوی باشندوں کے ہاتھوں امتیازی سلوک اور تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

XS
SM
MD
LG