رسائی کے لنکس

وارم اپ میچ: آسٹریلیا نے بھارت کو 106 رنز سے شکست دے دی


آسٹریلیا کے باؤلروں نے بھارت کی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور372 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والے حریفوں کو45.1 اوورز میں 265 رنز کے عوض پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا نے بھارت کو ورلڈ کپ کے پہلے وارم اپ میچ میں 106 رنز سے شکست دے دی۔

اتوار کو ایڈلیڈ میں کھیلے جانے والے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 48.2 اوورز میں پوری ٹیم 371 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے وارنر اور میکسویل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 104 اور 122 رنز بنا ئے۔

بھارت کی طرف سے محمد شامی نے تین، شرما، یادیو نے دو، دو جب کہ بنی اور پاٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کے باؤلروں نے بھارت کی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور372 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والے حریفوں کو45.1 اوورز میں 265 رنز کے عوض پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کیومنز نے تین جب کہ ہیزل ووڈ، جانسن اور اسٹارک نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم کے میکسویل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

حال ہی میں آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 112 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی جب کہ بھارت اپنے تینوں میچ ہار گیا تھا اور ایک میچ بارش کی وجہ سے ملتوی ہو گیا تھا۔

دوسری طرف بھارتی فاسٹ باؤلر ایشانت شرما گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ ان کی جگہ بھارت نے اپنی ٹیم میں موہت شرما کو شامل کیا ہے۔

26 سالہ ایشانت شرما نے 76 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 106 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

14 فروری سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا اور اس میں وہ 15 فروری کو اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گا۔

XS
SM
MD
LG