رسائی کے لنکس

ایشز سیریز: انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 398 رنز کا ہدف


آسٹریلوی ٹیم چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے پر کپتان ٹم پین کی قیادت میں میدان سے واپس آ رہی ہے
آسٹریلوی ٹیم چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے پر کپتان ٹم پین کی قیادت میں میدان سے واپس آ رہی ہے

ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں چوتھے دن کے کھیل کے اختتام سے کچھ دیر پہلے آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگ 487 رنز پر ڈیکلیئر کر دی جبکہ اس کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

یوں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں کھیلے جانے والے اس پہلے ٹیسٹ میں جیت کیلئے انگلینڈ کو 398 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 13 رنز بنا لیے تھے۔

آسٹریلیا کے بلے باز اسٹیو اسمتھ نے پہلی اننگ میں سنچری بنانے کے بعد دوسری اننگ میں بھی 142 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ میتھیو ویڈ نے بھی 110 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

اسٹیو اسمتھ ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگ میں سنچری بنانے والے آسٹریلیا کے پانچویں بیٹسمین بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے یہ کارنامہ وارن بارڈزلے نے 1909 میں، آرتھر مورس نے 1946-47 میں، سٹیو وا نے 1997 میں اور میتھیو ہیڈن نے 2002-2003 میں انجام دیا تھا۔

سٹیو سمتھ نے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنائی
سٹیو سمتھ نے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنائی

آسٹریلیا کی پہلی اننگ میں پانچ وکٹیں کینے والے انگلینڈ کے تیز بالر کرس براڈ دوسری اننگ میں صرف ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ اس ایک وکٹ کے ساتھ ٹیسٹ کیرئر میں ان کی کل وکٹوں کی تعداد 450 ہو گئی ہے۔ ان کے علاوہ سٹوکس نے 3، آف سپنر معین علی نے 2 اور ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 284 رنز بنائے تھے۔ اس کے جواب میں انگلینڈ نے 374 رنز بنائے تھے جس میں برنز نے 133، روٹس نے 57 اور سٹوکس نے 50 رنز کی اننگ کھیلی۔ یوں انگلینڈ کو پہلی اننگ میں 90 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی تھی۔ تاہم آسٹرلیا نے دوسری اننگ میں زور دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹ پر 487 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کر دی۔ یوں انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 398 رنز کا ہدف ملا۔

کل اس ٹیسٹ میچ کا پانچواں اور آخری دن ہے اور 90 اوورز کے کھیل میں اسے جیتنے کیلئے مذید 385 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی تمام کی تمام دس وکٹیں باقی ہیں۔

XS
SM
MD
LG