رسائی کے لنکس

سڈنی ٹیسٹ ڈرا، بھارت کو دو صفر سے شکست


فائل فوٹو
فائل فوٹو

میلبورن میں کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا جب کہ پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دی تھی۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھارت اور میزبان ملک کے درمیان کھیلا جانے والا چوتھا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا بھارت کو دو، صفر سے شکست دے کر سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے۔

ہفتہ کو میچ کے آخری دن 349 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت 252 رنز بنا سکا۔

اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 572 رنز سات کھلاڑی آوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں ڈیوڈ وانرر 101 اور کپتان اسمتھ نے 162 رنز بنائے۔

جواب میں بھارت کے کپتان ورات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی، وہ 147 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 475 رنز بنائے۔

چوتھے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر کے بھارت کو آخری دن میچ جیتنے کے لیے 349 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دوسری اننگز میں بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور اسے 48 رنز پر اوپنر راہول کی وکٹ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔

مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 251 رنز بنائے اور اس کے سات کھلاڑی آوٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون سمتھ کو میچ اور سیریز کا بہترہن کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تیسرے میچ کے بعد مہندرا سنگھ دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور ان کی جگہ ویرات کوہلی نے چوتھے ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کی قیادت کی۔

کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں چار سنچریاں اسکور کیں۔ انھوں نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 115 اور دوسری اننگز میں 143 رنز بنائے تھے۔

میلبورن ٹیسٹ میں کوہلی نے 169 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جبکہ سڈنی میں جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھی 147 رنز بنائے۔

میلبورن میں کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا تھا جب کہ پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دی تھی۔

XS
SM
MD
LG