رسائی کے لنکس

آسٹریلیا میں تشددکے واقعات پر بھارت کا اپنے طالب علموں کو انتباہ


بھارت کی طرف سے اپنے طالب علموں کو میلببرن میں حملوں اور رہزنی کا خطرہ درپیش آنے پر خبردار کیے جانے کے باوجود آسٹریلیا کی نائب وزیرِ اعظم جولیا گیلارڈ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا بھارتی طالب علموں کو خوش آمدید کہتا رہے گا۔

بھارت نے میلبرن میں تعلیم حاصل کرنے والے بھارتی طالب علموں کوخبردار کیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کا اضافی بندوبست کریں۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ میلبرن رہزنی کے جرائم کی آماج گاہ بن گیا ہے، اوربتایا گیا ہے کہ بھارتی باشندوں پرتشدد منشیات اور شراب نوشی کےسبب ہوتا ہے۔

انتباہ میں طالب علموں سے کہا گیا ہے کہ وہ رات کو اکیلے سفر نہ کریں۔ یہ انتباہ پچھلے ہفتے میلبرن میں پنجاب سے تعلق رلھنے والے اکاؤنٹنگ کے طالب علم کے قتل کے پیشِ نظر کیا گیا۔

ہلاک ہونے والے 21سالہ نِتن گرگ پر چاقو سے اُس وقت وار کیا گیا جب وہ کام کی غرض سے ریستوران جاتے ہوئے ایک مضافاتی پارک سے گزررہا تھا۔ اِس واقع کے بعد آسٹریلیا میں زیرِ تعلیم نوجوان بھارتی طالب علموں میں تشویش کی لہرپھیل گئی ہے، کیوں کہ گذشتہ برس کے دوران کئی بھارتی طالب علموں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ سفر سےمتعلق انتباہ کا اجرا بھارتی حکام کا معاملہ ہے لیکن نائب وزیرِ اعظم جولیا گیلارڈ کہتی ہیں کہ نوجوان غیر ملکیوں کے لیے اُن کا ملک اب بھی محفوظ جگہ ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ عالمی معیار کے لحاظ سے ہمارے ہاں قتل کے واقعات کا تناسب بہت ہی کم ہے۔ دنیا بھر کے بڑے شہروں میں تشدد کے اکا دکا واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں اور یہی کچھ میلبرن میں ہوتا ہے۔

قاتلانہ حملوں نے آسٹریلیا میں متعدد بھارتی طالب علموں کو خوف زدہ کر دیا ہے۔ خدشہ ہے کہ گرگ کے قتل کے باعث کچھ طالب علم ملک چھوڑ کر جاسکتے ہیں۔

بھارتی طالب علم راہنما اِس بات کے قائل ہیں کہ گرگ نسل پرستوں کی بھینٹ چڑھا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ جِس مخاصمت کا سابقہ اُنھیں میلبرن میں پڑ رہا ہے وہ ناقابلِ برداشت ہے۔

آسٹریلوی پولیس کے مطابق اِس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ نسل پرستی ہی قتل کا محرک تھی۔ تاہم اعلیٰ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ بھارتی طالب علموں پر اِس سے پہلے ہونے والےقاتلانہ حملےنفرت کی بنیاد پر ہوئے۔

تشدد کے اِن واقعات نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں تلخی پیدا کی ہے، جِس میں آسٹریلیا پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے شہروں میں بھارتی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کا پختہ بندوبست کریں۔

آسٹریلیا میں حزبِ اختلاف کےسیاست دانوں نےحکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ نوجوان بھارتیوں کو تشدد کی لہر سےروکنے میں ناکام رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG