رسائی کے لنکس

ایشز سیریز: آسٹریلیا کی چوتھے ٹیسٹ میں 185 رنز سے فتح


فتح کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی خوشی کا اظہار کررہے ہیں
فتح کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی خوشی کا اظہار کررہے ہیں

آسٹریلیا نے اتوار کے روز اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ پر انگلینڈ کو سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں 185 رنز سے شکست دے کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی اس ایشز سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

یہ ٹیسٹ جیتنے کیلئے انگلینڈ کو 383 رنز کا ہدف ملا لیکن انگلینڈ کی ٹیم آخری بلے بازوں کی مزاحمت کے باوجود 197 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کریگ اوورٹن تھے جنہیں 21 رنز کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے 105 گیندوں کا سامنا کیا۔ جوس بٹلر نے 111 گیندیں کھیل کر 34 رنز بنائے ۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے 24 اووروں میں 43 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے اس سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

یہ ٹیسٹ آسٹریلیا کے بیٹسمین سٹیو سمتھ کیلئے خاص طور پر یاد گار رہا جنہوں نے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 211 اور دوسری اننگ میں 82 رنز بنائے۔ انہوں نے سیریز کے چار میں سے 3 ٹیسٹ کھیل کر 3 سنچریوں کی مدد سے 134.2 کی اوسط سے 671 رنز بنائے۔ وہ خرابی صحت کی بنا پر تیسرا ٹیسٹ نہیں کھیل پائے تھے۔

اس ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 497 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کر دی تھی۔ اس میں سمتھ کے 211 رنز کے علاوہ لیبا شین نے 67، پین نے 58 اور مچل سٹارک نے 54 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے کرس براڈ نے 3 ، لیچ اور اوورٹن نے دو دو اور جو روٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 301 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ برنز 81 ، کپتان جو روٹ 71 اور بٹلر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹرلیا کی طرف سے ہیزل ووڈ نے 4 اور سٹارک اور کمز نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگ میں آسٹریلیا نے سمتھ کے 82 رنز کے ساتھ 6 وکٹوں پر 186 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کر دی۔ یوں انگلینڈ کو یہ ٹیسٹ جیتنے کیلئے 383 رنز کا مشکل ہدف ملا۔ لیکن انگلینڈ کی ٹیم 197 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یوں آسٹریلیا نے یہ ٹیسٹ 185 رنز سے جیت لیا۔

سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ جمعرات کے روز اوول میں شروع ہو گا اور اگر اس ٹیسٹ میں بھی آسٹریلیا انگلینڈ کو ہرانے میں کامیاب ہو گیا تو یہ انگلینڈ میں 18 سال کے بعد آسٹریلیا کی پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت ہو گی۔

XS
SM
MD
LG