رسائی کے لنکس

ایشز سیریز: آسٹریلیا پہلے ٹیسٹ میں جیت سے صرف 56 رنز دور


انگلش ٹیم دوسری اننگز میں صرف 195 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف ملا۔

ایشز سیریز کے تحت برسبین میں جاری پہلے ٹیسٹ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہوگئی ہے اور وہ جیت سے صرف 56 رنز دور ہے جبکہ اس کی ابھی ایک بھی وکٹ نہیں گری۔

اتوار کو چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے آسٹریلیا نے 114 رنز بنائے۔

ڈیوڈ وارنر 60 اور بین کرافٹ 51 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 33 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی۔ مہمان ٹیم کو اسٹون مین کی وکٹ کی شکل میں جلد ہی نقصان اٹھانا پڑا۔

وہ 27 رنز بناکر لایون کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ نئے آنے والے بیٹسمین ملان صرف دو رنز بنا سکے۔

کپتان جو روٹ اور معین علی نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں محتاط انداز سے بیٹنگ کی اور اسکور 113 رنز تک پہنچا دیا۔ جو روٹ 51 رنز کی اننگز کھیل کر معین علی کا ساتھ چھوڑ گئے۔

معین علی نے بیرسٹو کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا لیکن یہ شراکت زیادہ نہ چل سکی اور معین 40 رنز بناکر لایون کا شکار ہوگئے۔

انگلینڈ کا اسکور جب 185 رنز پر پہنچا تو ووکس 17 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد صرف 10رنز کے اضافے پر بیرسٹو، براڈ اور جیک بال بھی پویلین لوٹ گئے۔

یوں انگلش ٹیم دوسری اننگز میں صرف 195 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف ملا۔

آسٹریلیا کی طرف سے اسٹارک، ہیزل ووڈ اور لایون نے تین، تین جبکہ کومنز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس دوران لایون نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 50 وکٹیں مکمل کیں۔ وہ کیلنڈر ایئر میں 50 یا اس زائد وکٹیں لینے والے آسٹریلیا کے چھٹے اسپنر بن گئے ہیں۔

اس سے قبل شین وارن نے 2005ء میں 96 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

آسٹریلیا نے 170 رنز کے نسبتاً آسان ہدف کے تعاقب میں اعتماد کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔

اوپنرز بین کرافٹ اور ڈیوڈ وارنر نے ناقابلِ شکست 114 رنز بناکر میچ آسٹریلیا کے حق میں کردیا۔

چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا جیت سے صرف 56 رنز کی دوری پر تھا اور اس کی 10 وکٹیں باقی تھیں۔

XS
SM
MD
LG