رسائی کے لنکس

بنگلا دیش کا آسٹریلیا کو 183 رنز کا ہدف


آسٹریلوی بولنگ اٹیک کے سامنے بنگلادیشی ٹیم کا ہر بیٹسمین ناکام نظر آیا. تاہم, تمیم اقبال نے ایک بار پھر اپنی کلاس ثابت کردی اور کسی بھی بولر کو حاوی نہیں ہونے دیا۔ وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے تین چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 95رنز بنائے۔

چیمپئنز ٹرافی میں گروپ اے کے ایک میچ میں بنگلادیش نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف دیا ہے، تمیم اقبال 95 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔

بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تمیم اور سومیا سرکار میدان میں اترے لیکن دونوں کی جوڑی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 22 رنز کے مجموعی اسکور پر سومیا سرکار صرف تین رنز بناکر ہیزل ووڈ کی گیند پر میتھیو ویڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سومیا سرکار کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بیٹسمین آسٹریلوی بولرز کا جم کر سامنا نہ کرسکا اور وقفے وقفے سے بیٹسمین پویلین لوٹتے گئے۔ امرالقیس 6، مشفق الرحیم 9، شکیب الحسن 29 رنز بناسکے۔

جہاں آسٹریلوی بولنگ اٹیک کے سامنے بنگلادیشی ٹیم کا ہر بیٹسمین ناکام نظر آیا، وہیں تمیم اقبال نے ایک بار پھر اپنی کلاس ثابت کردی اور کسی بھی بولر کو حاوی نہیں ہونے دیا۔ وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے تین چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 95رنز بنائے۔

یہ تمیم اقبال کا مسلسل چوتھی اننگز میں 50 یا اس سے زائد اسکور ہے جبکہ یہ تیسرا موقع ہے جب ایک روزہ میچوں میں وہ 95 رنز پر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ وہ کبھی نائنٹیز میں آؤٹ نہیں ہوئے۔

محموداللہ 8، مہدی حسن مرزا 14 جبکہ مشرفی مرتضیٰ اور روبیل حسین بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔

یوں بنگلادیش کی پوری ٹیم44 اعشاریہ 3 اوورز میں 182 رنز پر ڈھیر ہوگی۔

بنگلادیش کی ناقص بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے صرف تین بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور کرسکے۔

آسٹریلیا کی طرف سے مچل اسٹارک سب سے کامیاب بولر رہے ۔ انہوں نے 8 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 28 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

مچل نے اپنے ایک اوور میں تمیم اقبال سمیت بنگلادیش کے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

XS
SM
MD
LG