رسائی کے لنکس

دوسرا ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلوی بلے باز اسمتھ نے پہلی اننگز میں 133 رنز بنائے تھے انھیں میچ کا بہترہن کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے بھارت کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ہفتہ کو میچ کے چوتھے روز بھارت نے میچ جیتنے کے لیے آسٹریلیا کو 128 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کو اپنے ابتدائی بلے باز وارنر کی صورت جلد ہی نقصان اٹھا پڑا جو صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لیکن اس کے بعد آنے والے کھلاڑی واٹسن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

راجرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز بنا کر ٹیم کو مشکل حالات سے نکالا۔ وہ شرما کی گیند پر دھاون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے قابل ذکر بلے باز اسمتھ نے 28 رنز بنائے۔

اس سے پہلے بھارت کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

اس میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 408 رنز بنائے۔ وجے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 144 اور راہانے نے 81 رنز بنائے۔

جواب میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں اسمتھ کے 133 اور جانسن کے 88 رنز کے ساتھ 505 رنز بنائے تھے۔

اسمتھ کو شاندار کارکردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں آسٹریلیا کے باؤلر ہیزل ووڈ نے مجموعی طور پر سات جب کہ بھارت کے ایشانت شرما نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔

چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 26 دسمبر کو ملبورن میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG