رسائی کے لنکس

معروف امریکی ناول نگار ہارپر لی انتقال کرگئیں


ہارپر لی کی 2007ء میں ایک تقریب میں لی گئی تصویر
ہارپر لی کی 2007ء میں ایک تقریب میں لی گئی تصویر

سنہ 1960 میں منصۂ شہود پر آنے والے ہارپر لی کے ناول 'ٹو کل اے موکنگ برڈ' کا شمار جدید انگریزی ادب کے بہترین ناولوں میں ہوتا ہے

معروف امریکی ناول نگار اور جدید انگریزی ادب کے بہترین ناولوں میں سے ایک 'ٹو کل اے موکنگ برڈ' کی مصنفہ ہارپر لی 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئی ہیں۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہارپر لی کا انتقال جمعے کو جنوب مشرقی ریاست ایلا باما کے قصبے منرو ولے میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔

ہارپر لی کے بھتیجے اور خاندان کے ترجمان ہینک کارنر نے جمعے کی صبح ایک بیان میں ہارپر لی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے اسے خاندان کے لیے ایک بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔

بیان کے مطابق ہارپر لی کا انتقال نیند کے دوران ہوا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کا انتقال اہلِ خانہ کے لیے غیر متوقع ہے کیوں کہ انتقال سے قبل تک ان کی صحت اچھی تھی۔

اٹھائیس اپریل 1926 کو پیدا ہونے والی ہارپرلی کا شمار گزشتہ صدی کے ان چند مصنفین میں ہوتا تھا جنہیں ان کے قارئین کا بے پناہ پیار ملا۔

سنہ 1960 میں منصۂ شہود پر آنے والے ان کے ناول 'ٹو کل اے موکنگ برڈ' کا شمار جدید انگریزی ادب کے بہترین ناولوں میں ہوتا ہے جس کا موضوع وہ نسل پرستی اور ناانصافی ہے جس کا اس وقت سیاہ فام باشندوں کو امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں سامنا کرنا پڑتا تھا۔

ہارپر لی کے اس ناول پر انہیں 1961ء میں فکشن کا پلٹزر پرائز ملا تھا جب کہ اگلے ہی برس ناول پر اسی نام سے بننے والی فلم بہترین فلم کے آسکر ایوارڈ کی حق دار ٹہری تھی۔

ہارپر لی ایک عرصے تک نیویارک میں مقیم رہیں لیکن 2007ء میں فالج کے ایک حملے کے بعد وہ اپنے آبائی قصبے منرو ولے منتقل ہوگئی تھیں جہاں کے رہائشی باہر سے آنے والے کسی مداح کو اپنی محبوب مصنفہ کی نجی زندگی میں مخل ہونے کی اجازت نہیں دیتے تھے۔

صحافیوں اور بھیڑ بھاڑ سے دور رہنے والی ہارپر لی کا دوسرا ناول 'گو سیٹ اے واچ مین' گزشتہ سال منظرِ عام پر آیا تھا جس کی اشاعت کے پہلے ہی ہفتے صرف امریکہ اور کینیڈا میں 11 لاکھ جلدیں فروخت ہوئی تھیں۔

اس ناول کی اشاعت ہارپر لی کے چاہنے والوں اور انگریزی ادب کے قارئین کے لیے خاصی غیر متوقع تھی کیوں کہ انہوں نے خود ہی 'ٹو کل اے موکنگ برڈ' کی بے پناہ پذیرائی کے بعد آئندہ اپنا کوئی ناول شائع نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ہارپر لی آخری رسومات کی ادائیگی کے متعلق تاحال اہلِ خانہ نے کوئی اعلان نہیں کیا ہے لیکن ان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ آنجہانی مصنفہ کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق نجی رکھی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG