رسائی کے لنکس

عائشہ گلالئی عمران خان کے خلاف انتخاب لڑنے کیلئے تیار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف سے منحرف ہوکر نئی پاکستان تحریک انصاف گلالئی بنانے والی سابق رکن اسمبلی عائشہ گلالئی نے قومی اسمبلی کی چھ نشستوں سے بیک وقت انتخاب لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کے خلاف راول پنڈی سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

عائشہ گلالئی نے انتخابات کے دوران اپنی پارٹی کی طرف سے چار خواجہ سراؤں کو الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کردیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ ان کی سیاسی جماعت نے خواجہ سراؤں کی جمہوری اقدام میں شمولیت کیلئے قدم اٹھایا ہے۔ ہمارے ملک میں خواجہ سراؤں کو عزت نہیں دی جاتی ہیں۔

عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں اقلیتوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا۔ سیالکوٹ میں احمدی کمیونٹی کی عبادت گاہ پر سب نے مل کر حملہ کیا۔ اگر ایسے واقعات ہوتے رہے تو ملک میں کون آئے گا۔

خواجہ سراؤں کو ٹکٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواجہ سراؤں کو انتخابی ٹکٹ دیا جا رہا ہےجن میں خواجہ سرا نایاب علی این اے 142 سے الیکشن لڑیں گی جبکہ ندیم کشش این اے 52 سے الیکشن لڑیں گی، لبنیٰ لعل پی پی 26 اور میڈم رانی پی کے 40 سے الیکشن لڑیں گی۔ اسلام آباد سے طارق فضل چوہدری کے مقابلے میں ہمارے خواجہ سرا امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام میں کسی انسان کو کسی پر برتری حاصل نہیں۔ مغرب میں تیسری جنس کے لوگ اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ کنیڈا کا ناروے میں سفیر تیسری جنس کا ہے۔ یہ ہمارے ہی لوگ ہیں اور ہم میں سے ہی ہیں۔ پی ٹی آئی جی ان کو عزت دے گی۔

خواجہ سرا نایاب علی نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو کسی بھی سیاسی جماعت نے کبھی ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ ہمیں شناختی کارڈ اور ووٹ کا حق کسی حکومت نے نہیں بلکہ عدالتوں نے دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف گلالئی گروپ کا نام سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ہمارا نمائندہ اسمبلی میں نہیں ہو گا تب تک ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ ہمیں سب سے پہلے والدین نظرانداز کرتے ہیں اور ہمیں جائیداد سے حصہ نہیں دیا جاتا ۔ہمیں تعلیمی اداروں میں داخلہ نہیں ملتا لیکن نوکریوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ جب ہم تعلیم حاصل نہیں کر سکیں گے تو نوکریاں کیسے ملیں گی۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ وہ راولپنڈی میں عمران خان کے مقابلہ میں بھی الیکشن لڑیں گی جبکہ راول پنڈی میں شیخ رشید کے دو حلقوں سے بھی امیدوار کھڑے کر دیے گئے ہیں۔

وزیرستان سے تعلق رکھنے والی عائشہ گلالئی پاکستان تحریک انصاف میں اہم کردار ادا کرتی رہیں لیکن گذشتہ سال انہوں نے پارٹی چئیرمین عمران خان پر نازیبا میسجز بھیجنے کا الزام لگایا اور پارٹی سے الگ ہو گئیں۔ تحریک انصاف نے ان کی اسمبلی کی نشست ختم کرانے کے لیے ریفرنس دائر کیے لیکن الیکشن کمیشن اور عدالتوں نے عائشہ گلالئی کے حق میں فیصلہ دیا۔

XS
SM
MD
LG