رسائی کے لنکس

امریکہ میں مقیم دو پاکستانی ہیروز کی انمٹ کہانی


دستاویزی فلم ’بابراینڈ حارث اراوٴنڈ دی ورلڈ‘ میں طیارے کا روٹ، جن مقامات کااس نے سفرکیا اور اس میں سوار حارث اور بابر نے جہاں جہاں پڑاوٴ ڈالا، وہاں پیش آنے والے واقعات اور امریکی ائیر پورٹ پر رونما ہونے والے المناک حادثے سے کچھ گھنٹے قبل تک کے مناظرشامل ہیں

پاکستان کے دو گمنام ہیروز کو اس دنیا سے گزرے ایک سال مکمل ہونے والا ہے۔ یہ دونوں ایسے ہیروز تھے جنہوں نے امریکی اور پاکستانی عوام کو ایک عظیم مقصد کے لئے ایک دوسرے کے بہت قریب لاکھڑا کیا تھا۔ مقصد تھا نادار بچوں کی تعلیم اور ہیروز تھے بابر سلیمان اورحارث سلیمان۔

دونوں رشتے میں باپ بیٹے اور پاکستانی امریکن پائلٹ تھے۔ وہ پاکستان میں غریب بچوں میں تعلیم عام کرنے میں سرگرداں ایک غیر سرکاری تنظیم ’سٹیزن فاوٴنڈیشن‘ کے لئے ایک ملین ڈالر کا فنڈ اکھٹا کرنا چاہتے تھے۔ لیکن ایک حادثے میں اچانک دونوں کی موت واقع ہوگئی ۔۔۔تاہم، امریکی عوام نے ان کے مقصد کو بعد از موت بھی ختم نہیں ہونے دیا اور یوں ایک ملین کے بجائے تین گنا زیادہ رقم اکھٹا ہوگئی۔

حارث سلیمان اور ہالی ووڈایکٹر فرجان طاہر
حارث سلیمان اور ہالی ووڈایکٹر فرجان طاہر

فنڈز اکھٹا کرنے کے لئے حارث اور بابر 30 دنوں میں دنیا کا فضائی چکر لگانا چاہتے تھے۔ انہوں نے 15ممالک کا سفر بھی کیا۔ لیکن ایک روزہ امریکا کے پاگوپاگو ائیرپورٹ سے ان کے طیارے نے اڑان بھری ہی تھی کہ طیارہ اچانک گرکرتباہ ہوگیا۔

طیارے کو حادثہ کس وجہ سے پیش آیا اور دونوں پائلٹ کن حالات و واقعات کا شکار ہوئے یہ سب اب آپ ایک دستاویزی فلم ’بابر اینڈ حارث اراوٴنڈ دی ورلڈ‘ میں دیکھ سکیں گے جسے پاکستانی نژاد ہالی ووڈ ایکٹر فرحان طاہر نے پروڈیوز کیا ہے۔

پبلسٹی فرم ’پچ میڈیا‘ نے وائس آف امریکہ کو ’بابراینڈ حارث اراوٴنڈ دی ورلڈ‘ سے متعلق مزید تفصیلات میں بتایا کہ ’حارث سلیمان صرف 17سال کے تھے اور دنیا کے سب سے کم عمر پائلٹ کہلائے جاتے تھے جبکہ ان کے والد بابر سلیمان 56 سال کے تھے۔‘

موت سے گلے ملنے سے قبل یہ دونوں حقیقی ہیروز پانچ لاکھ ڈالر جمع کرچکے تھے۔ موت کی خبروں کے ساتھ ہی ان کا مشن سامنے آیا تو عوام نے دل کھول کر فنڈز دیئے۔

’بابر اینڈ حارث اراوٴنڈ دی ورلڈ‘ میں طیارے کا روٹ، جن مقامات کا اس نے سفر کیا اور اس میں سوار حارث اور بابر نے جہاں جہاں پڑاوٴ ڈالا، وہاں پیش آنے والے واقعات اور حالات کے ساتھ ساتھ ’سٹیزن فاوٴنڈیشن اسکول پاکستان اور امریکا میں حارث کے پلین فیلڈ ہائی اسکول و پاگوپاگو میں المناک حادثے سے کچھ گھنٹے قبل تک کے مناظرشامل ہیں۔

حارث اور بابر کی دستاویزی فلم میں بابر سلیمان کی صاحبزادی یعنی حارث کی بہن حبا اور ان کے خاندان کی جدوجہد کی عکاسی بھی کی گئی ہے جو انہوں نے بابر کی لاش ڈھونڈنے کے سلسلے میں کیں۔ بدقسمتی سے بابر کی لاش اب تک نہیں مل سکی ہے۔

حارث ، بچوں کے ساتھ جن کی تعلیم و تربیت ان کا مقصد حیات تھا
حارث ، بچوں کے ساتھ جن کی تعلیم و تربیت ان کا مقصد حیات تھا

حارث نے دوران سفر لکھا تھا کہ’بہت سے لوگ یہ سوال پوچھتے ہیں کہ میں نے اور میرے والد نے یہ پر خطر سفر کیوں اختیار کیا اور کیوں خود کو خطرے میں ڈالا؟ میں سوال کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ ایمنڈ ہیلری نے ماوٴنٹ ایوسٹ کیوں سرکیا؟ کرسٹوفر کولمبس نے امریکہ کیوں دریافت کیا اور مارکو پولو نے چین کا سفر کیوں کیا؟‘

’بابر اینڈ حارث اراوٴنڈ دی ورلڈ‘ 23جولائی کو دونوں باپ بیٹے کی پہلی برسی پر ریلیز کئے جانے کا امکان ہے۔

XS
SM
MD
LG