رسائی کے لنکس

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف میچ کا اعزاز دیا گیا۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔

زمبابوے کی پہلی وکٹ پہلے اوور کی پانچویں گیند پر اس وقت گری جب چیبھابھا بغیر کوئی رنز بنائے محمد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

زمبابوے کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی برینڈن ٹیلر تھے انہوں نے 13 رنز بنائے تھے۔ ان کو 34 کے مجموعی اسکو پر حارث رؤف کی گیند پر حیدر علی نے کیچ آؤٹ کیا۔

اس کے بعد زمبابوے کی اگلی وکٹ دسویں اوور میں 70 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب ساین ویلیمز کو عثمان قادر نے بولڈ کیا۔

سکندر رضا 11 ویں اوور میں وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 7 رنز بنائے تھے۔

پویلین لوٹنے والے پانچویں کھلاڑی ریان بری تھے وہ 17ویں اوور میں 122 کے مجموعی اسکور پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کو حارث رؤف نے بولڈ کیا۔

آخری اوور میں الٹن چیگمبرا 13 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ جب کہ ویسلے مادھورے 48 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے 25 رنز کے عوض دو، وہاب ریاض نے37 رنز کے عوض دو، محمد حسنین نے 25 رنز کے عوض ایک جب کہ عثمان قادر نے 24 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے کی جانب سے 157 رنز کے ہدف کو پاکستان نے 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان بابر اعظم نے کیا۔

دونوں نے پاکستان کو تیز آغاز فراہم کیا البتہ چوتھے اوور میں 36 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان مزرابانی کی گیند پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو آٹھویں اوور میں 62 کے مجموعی اسکور پر 7 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس کے بعد بابر اعظم اور محمد حفیظ نے پاکستان کی کامیابی کی بنیاد کو مضبوط کیا۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم 55 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنا کر 17ویں اوور میں 142 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ ان کو اس اننگز پر مین آف دی میچ کا اعزاز بھی دیا گیا۔

محمد حفیظ بھی 19ویں اوور میں 36 رنز بنا کر پویلین لوٹے انہوں نے اننگر میں ایک چھکا اور تین چوکے لگائے۔

خوشدل شاہ اور محمد رضوان ناٹ آؤٹ رہے۔ جب کہ پاکستان نے 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر چار وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

واضح رہے کہ زمبابوے اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی میں سات، آٹھ اور 10 نومبر کو ٹی ٹوئنٹی میچز کا شیڈول مقرر کیا گیا تھا۔ پہلے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

قبل ازیں دونوں ٹیمیں ون ڈے سیریز میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے آئی تھیں۔ تین میچوں کی سیریز پاکستان نے 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

XS
SM
MD
LG