رسائی کے لنکس

'اکنا ریلیف' 30 ہزار طلبہ کو اسکول بستہ فراہم کرے گی: منتظمین


نیویارک میں منعقدہ کیمپ میں اسکول بیگ کی تقسیم کے علاوہ میڈیاکل کیمپ بھی لگایا گیا، جہاں علاقے کے مستحق لوگوں نے بڑی تعداد میں رضاکار ڈاکٹروں سے معائنہ کرایا اور ادویات حاصل کیں

مسلم فلاحی ادارے، ’اکنا ریلیف‘ نے امریکہ کی 25 ریاستوں میں 30 ہزار طلباء و طالبات کو مکمل اسکول سپلائی کے ساتھ اسکول بیگ فراہم کرنے کا سسلسلہ شروع کیا ہے؛ اور ’بیک ٹو اسکول گِو اوے‘ پروگرام کے تحت، اسکول بستہ کی تقسیم کے لئے پہلا کیمپ ہفتے کو نیویارک کے علاقے کوئنز میں لگایا گیا۔

نیویارک میں منعقدہ کیمپ میں اسکول بیگ کی تقسیم کے علاوہ میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا، جہاں علاقے کے مستحق لوگوں نے بڑی تعداد میں رضاکار ڈاکٹروں سے معائنہ کرایا اور ادویات حاصل کیں۔

اکنا ریلیف کے ایگزیکٹو ڈائریٹر، مقصود احمد نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس میں اسکول بیگ تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ میں بارہ لاکھ سے زائد بچے غربت کے باعث اسکول بیگ کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انھیں تعلیم میں مدد فراہم کرنے کے لئے این جی اوز اور ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنی ذمہ داری ادا کرتی ہیں۔ اکنا ریلیف بھی ایسی ہی ان این جی اوز میں سے ایک ہے۔

مقصود احمد کا کہنا تھا کہ اکنا ریلیف گزشتہ پانچ برسوں سے ضرورت مند بچوں میں اسکول بیگ تقسیم کر رہی ہے۔ اس کے لئے باضابطہ ریاستوں کا سروے کیا جاتا ہے اور ان علاقوں کا انتخاب کیا جاتا ہے، جہاں غربت کی شرح زیادہ ہے۔ اسکول بیگ کی تقسیم کے لئے مقامی مسلم کمیونٹی کے علاوہ چرچ کی مدد بھی کی جاتی ہے۔

مقصود احمد کا کہنا تھا کہ امریکہ میں مسلمان معذرت خواہانہ انداز اختیار کرنے کی بجائے بڑھ کر معاشرے کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، اور یہ خدمت وہ کسی خوف کے باعث نہیں، بلکہ مسلمان امریکی شہری کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری سمجھ کر ادا کرنا چاہتے ہیں۔

اکنا ریلیف کے ریجنل ڈائریکٹر، ارشد صدیقی کہتے ہیں کہ ان فلاحی کاموں سے امریکہ میں مسلمانوں کی ساکھ بہتر کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اُنھوں نے کہا ہے کہ ’’ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ مسلمان کسی کو نقصان نہیں پہنچاتا بلکہ وہ معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتا ہے‘‘۔

XS
SM
MD
LG