رسائی کے لنکس

پاکستانی ناظرین ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم 'باہوبلی' سے محروم


گزشتہ جمعہ کو ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’باہوبلی‘ نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کیا، کئی ریکارڈ بھی پاش پاش کئے. لیکن، پاکستانی فلمی ناظرین ہی اس فلم کو نہ دیکھ سکے اور یوں پاکستانی سینما انڈسٹری ایک بڑے اور بھاری منافع سے ہاتھ دھو بیٹھی

پاکستان، بالی ووڈ فلموں کی ایک بڑی مارکیٹ ہے اور اس حقیقت کو سب تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستانی سنیما اور فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے بالی ووڈ فلمیں بہت بڑا سہارا ہیں۔

ایسے میں کوئی بھی فلم جو ہٹ، سپرہٹ یا میگاہٹ ہو وہ ملکی انڈسٹری کے لئے آب حیات سے کم نہیں۔ لیکن، بسا اوقات سخت سنسر شپ پالیسی سے آب حیات کا پیالہ ہی ٹوٹ کر کرچی کرچی ہو جاتا ہے۔

اٹھائیس 28 اپریل کو پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں بالی وڈ فلم ’باہوبلی ٹو‘ ریلیز ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے باکس آفس کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کرگئی۔ یہاں تک کہ اس کے سامنے باکس آفس پر شاندارتاریخ رکھنے والی تمام فلمیں ناک آؤٹ ہوگئی ہیں۔

ہندی میں ’باہو‘ کے معنی ’بہت زیادہ‘ اور’بلی‘ کے معنی ’طاقت رکھنے والا‘ ہیں۔ یعنی ’بہت زیادہ طاقتور شخص‘۔

خیر، دنیا بھر میں ریلیز کے پہلے اور دوسرے دن ہی کروڑوں کا بزنس کرنے والی ’باہوبلی ٹو‘ پاکستان میں ریلیز نہ ہوسکی۔ اسے سننسر بورڈ نے اجازت نہیں دی۔

فلمی حلقوں میں چہ میگوئیاں ہیں کہ اس اقدام سے نہ صرف پاکستانی فلم بین بالی وڈ کی سب سے مہنگی اور کامیاب ترین فلم دیکھنے سے محروم رہ گئے بلکہ پاکستانی سینما انڈسٹری بھی ایک بڑے اور بھاری منافع سے ہاتھ دھو بیٹھی جو موجودہ حالات میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لئے دھچکا ہی کہا جا سکتا ہے۔

بھارتی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کا کہنا ہے کہ 28 اپریل کو ریلیز ہونے والی ایس ایس راجمولی کی فلم ’باہوبلی ٹو‘ نے تین دن میں تین سو کروڑ کا بزنس کیا۔

ان اعداد و شمار کا تذکرہ کرن جوہر نے خود اپنی ٹوئٹ میں کیا۔ کرن جوہر نے ہندی ورژن کے رائٹس خریدیں ہیں اور وہی اس کے ڈسٹری بیوٹر بھی ہیں۔

ان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ فلم بیک وقت ہندی، تیلگو، تامل اور ملیالم زبانوں میں ریلیز ہوئی ہے۔ اس فگر میں دنیا بھر سے ہونے والی اور دیگر زبانوں کے ورژن کی آمدنی شامل نہیں۔

بھارت میں اسے 8000 اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔

اس سے ہونے والی ابھی تک کی آمدنی کو مد نظر رکھ کر بات کی جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ’دنگل‘ اور ’سلطان‘ کا ریکارڈ بھی ’باہوبلی‘ نے پاش پاش کردیا ہے۔

ان دو فلموں سے ہٹ کر بات کی جائے تو 2010میں ریلیز ہونے والی بڑے بجٹ کی فلم ’روبوٹ‘ بھی باہوبلی کے آگے ڈھیر ہوگئی ہے جبکہ ’راون‘ اور فلم ’دھوم‘ کا تو ذکر ہی بے معنی ہے۔

XS
SM
MD
LG