رسائی کے لنکس

تین بہنوں پر راہ چلتے تیزاب سے حملہ


تین بہنوں پر راہ چلتے تیزاب سے حملہ
تین بہنوں پر راہ چلتے تیزاب سے حملہ

بلوچستان کے دور دراز شہر قلات میں نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے تیزاب پھینک کر تین جوان بہنوں کو زخمی کردیاہے۔ مقامی پولیس افسر محمد علی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کی شب اس وقت پیش آیا جب تینوں بہنیں اپنی خالہ کے گھرکی طرف جا رہی تھیں۔ حملے میں لڑکیوں کے چہرے اور جسم بری طرح جھلس گئے۔

شہر میں مطلوبہ طبی سہولیات نہ ہونے کی بنا پرانھیں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ بلوچستان میں حالیہ دنوں میں خواتین پر تیزاب پھینکے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ تقریباً تین ہفتے قبل بھی نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے دو بہنوں پر تیزاب پھینک کرانھیں جھلسا دیا تھا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعات اُس وقت پیش آئے ہیں جب ”راہِ راست“ نامی ایک غیر معروف تنظیم نے لوگوں کوپمفلٹ کے ذریعے انتباہ کیا ہے کہ خواتین پردے اور مرد رشتہ داروں کے بغیر گھر سے نہ نکلیں۔ تنظیم نے اپنے اس پیغام کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سنگین نتائج کی دھمکی دی تھیں۔

قدرتی وسائل سے مالامال اس جنوب مغربی صوبے کی سرحد افغانستان سے بھی ملتی ہے اور حالیہ برسوں میں یہاں طالبان عناصر کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ گو کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں اس قسم کے حملوں کی ذمہ داری مذہبی انتہاپسند تنظیموں پر عائد کی جاتی رہی ہے مگر بلوچستان میں ایسے واقعات پہلے کبھی پیش نہیں آئے ۔

انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کا کہنا ہے کہ ملک میں خواتین پراس طرح کے حملوں میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات مکمل کر کے اُنھیں سزائیں دلوائے بغیر ایسی واقعات کو روکنا اور اس میں ملوث عناصر کی حوصلہ شکنی ممکن نہیں ہو گی۔

XS
SM
MD
LG