رسائی کے لنکس

غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں شاہ زین بگٹی گرفتار


غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں شاہ زین بگٹی گرفتار
غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں شاہ زین بگٹی گرفتار

فرنٹئیر کور کے ایک تر جمان نے بتایا کہ بلوچستان کے سابق گورنر نواب اکبر خان بگٹی کے پوتے اور جمہوری وطن پارٹی بلوچستان کے صدر شاہ زین بگٹی کو چمن سے کو ئٹہ جاتے ہوئے بلیلی چیک پوسٹ پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سترہ مسلح محافظوں سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے۔

شاہ زین بگٹی (فائل فوٹو)
شاہ زین بگٹی (فائل فوٹو)

ترجمان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سولہ گاڑیوں پرمشتمل شازین بگٹی کے قافلے کو بدھ کے روز جب ایف سی کے اہلکاروں نے روکا تو جمہوری وطن پارٹی کے صدر کے محافظوں نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن اہلکاروں نے اُن سے اسلحہ چھین لیا۔ حکام کے مطابق قافلے میں شامل گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 43کلاشنکوف، 45 ہزار گولیاں، دو راکٹ لانچر، دو اینٹی ایئر کرافٹ گنز ، تین مشین گنز اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

بلوچستان پولیس کے سربراہ ملک محمد اقبال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ شاہ زین بگٹی کے قافلے میں شامل گاڑیوں سے برآمد ہونے والے اسلحہ کے قانونی یا غیر قانونی ہونے کی تحقیقا ت کی جارہی ہیں۔

کوئٹہ میں جمہور ی وطن پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ شاہ زین بگٹی کے محافظوں کے پاس اسلحہ قانونی تھا۔ تر جمان نےغیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی کے دعویٰ کو غلط قرار دیا اور الزام لگایا کہ بلیلی چیک پوسٹ پر تعینات ایف سی کے اہلکاروں نے تلخ کلامی کے بعد شاہ زین بگٹی کے سر پر بندوق کے بٹ مارا جس سے وہ زخمی ہو گئے لیکن فرنیٹئیر کورنے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

XS
SM
MD
LG