رسائی کے لنکس

بلوچستان: بس اور ٹرک میں تصادم، آٹھ ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں جب کہ 25 زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سڑک کے ایک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور دو درجن سے زائد زخمی ہو گئے۔

یہ حادثہ ضلع لسبیلہ کی تحصیل اوتھل کے علاقے میں پیش آیا جہاں آر سی ڈی روڈ پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کی ایک ٹرالر سے ٹکر ہو گئی۔

حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں جب کہ 25 زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

اسی شاہراہ پر پہلے بھی ہلاکت خیز حادثات ہو چکے ہیں جن میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

رواں سال مارچ میں لسبیلہ کے ہی علاقے میں بسوں اور آئل ٹینکر کے تصادم میں خواتین اور بچوں سمیت کم ازکم 35 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ان میں سے ایک بس پر بھی تیل لدا ہوا تھا اور تصادم کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی جس سے متعدد افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔

پاکستان میں ٹریفک کے حادثات ایک معمول کی بات ہے جس کی بنیادی وجوہات میں غیر محتاط ڈرائیونگ، سڑکوں کی خستہ حالی اور گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال کا نہ ہونا بتائی جاتی ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال کم ازکم 16 ہزار افراد سڑک کے حادثات میں زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG