رسائی کے لنکس

پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار نہیں: حیربیار مری


پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار نہیں: حیربیار مری
پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار نہیں: حیربیار مری

قوم پرست بلوچ لیڈر حیربیار مری نے کہاہے کہ بلوچ قوم پرست وزیر داخلہ رحمن ملک کے اس فیصلے کے باوجود کہ جلاوطن قوم پرست بلوچ لیڈروں کے خلاف مقدمات واپس لے لیے جائیں گے، پاکستان کے ساتھ گفت وشنید کے لیے تیار نہیں ہیں۔

لندن میں وائس آف امریکہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رحمن ملک کی جانب سے مقدمات واپس لینے کے اعلان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اس سے ہمارے وہ ہزاروں ساتھی واپس نہیں آسکتے جنہیں ہم اس جدوجہد کے دوران کھوچکے ہیں۔

بلوچستان پر آئندہ کی آل پارٹیز کانفرنس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بات چیت کے لیے ہماری صرف ایک ہی شرط ہے اور وہ یہ کہ ہم صرف آزاد بلوچستان پر بات چیت کرسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہناتھا کہ میری رحمن ملک سے 2009ء میں صرف ایک ہی ملاقات ہوئی تھی اور یہ ملاقات بھی ان کی درخواست پر ہوئی تھی ۔ اور یہ کہ حالیہ عرصے میں ان سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ پاکستان بلوچستان کی بہتری کے لیے کیا کرسکتا ہے؟ تو ان کا کہناتھا کہ اس وقت سوائے آزاد بلوچستان کے ہمارے کوئی مطالبات نہیں ہیں۔

ان دنوں پاکستان کی وزیر خارجہ حناربانی کھر برطانیہ کے دورے پر ہیں۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ یہ کہہ چکی ہیں کہ پاکستان کی حکومت بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے جس کا اندازہ وزیر اعظم کی جانب سے اس مسئلےپر آل پارٹیز کانفرنس کی تجویز سے لگایا جاسکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG