رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: اشرفل نے 'میچ فکسنگ' کا اعتراف کرلیا


محمد اشرفل نے کہا کہ وہ خود پر عائد کیے جانے والے تمام الزامات تسلیم کرتے ہیں اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی جانے والی ہر سزا قبول کریں گے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اشرفل نے 'میچ فکسنگ' میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگی ہے۔

منگل کو ڈھاکہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے28 سالہ محمد اشرفل نے کہا کہ وہ خود پر عائد کیے جانے والے تمام الزامات تسلیم کرتے ہیں اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی جانے والی ہر سزا قبول کریں گے۔

پریس کانفرنس سے قبل بنگلہ دیش کے قومی کرکٹ بورڈ نے اشرفل کو معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔

'بی سی بی' کے صدر نظم الحسن نے اعلان کیا تھا کہ 'انٹرنیشنل کرکٹ کونسل' کا 'اینٹی کرپشن یونٹ' رواں سال ہونے والی 'بنگلہ دیش پریمیئر لیگ' کے دوران میں 'میچ فکسنگ' کے الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے جس کی رپورٹ ایک ہفتے میں سامنے آجائے گی۔

نظم الحسن نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ تحقیقات کےا ختتام تک اشرفل کو کسی قسم کو کوئی میچ کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

منگل ہی کو ڈھاکہ میں 'بی سی بی' کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ انکوائری رپورٹ کے بعد ہی مزید کسی اقدام کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اپنی پریس کانفرنس میں اشرفل نے یہ وضاحت تو نہیں کی کہ وہ کن الزامات کو تسلیم کر رہے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے غلط کاموں پر پشیمانی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے شائقین کرکٹ سے درخواست کی کہ وہ انہیں معاف کردیں۔

بلے باز اشرفل نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی جانب سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 2001ء میں 17 سال کی عمر میں کیا تھا۔ انہوں نے 61 ٹیسٹ اور 177 ایک روزہ میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی ہے۔
XS
SM
MD
LG